پاکستان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کررہے، بیرسٹر عقیل ملک

سہیل آفریدی کو عوام کی فلاح وبہبود پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے لیکن وہ جیل میں بیٹھے ایک شخص کے عشق میں مبتلا ہے جو کئی مقدمات میں سزا یافتہ ہیں، وزیرمملکت برائے قانون وانصاف

وزیرمملکت برائے قانون وانصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کر رہے، اور اپنے حلف کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ہٹ دھرمی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے اور وہ مسلسل اپنے حلف کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں عوام کی فلاح وبہبود پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے لیکن وہ جیل میں بیٹھے ایک شخص کے عشق میں مبتلا ہیں، بانی پی ٹی آئی عدالتی فیصلوں کی وجہ سے جیل میں قید ہیں، وہ کئی مقدمات میں سزا یافتہ ہیں۔

بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کررہے ہیں۔

اس سے قبل ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ صوبے کے وزیر اعلیٰ پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے جبکہ خیبرپختونخوا دہشت گردی کے حوالے سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ ہے لیکن عوام کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے معاملے پر انہوں نے کہا تھا کہ جیل قوانین کے مطابق صرف فیملی ممبرز اور وکلا کی ملاقات ہوسکتی ہے، جبکہ صوبائی کابینہ بننے میں تاخیر ہوگی تو آرٹیکل 234 کا اطلاق ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے متعدد بار کوششیں کرچکے ہیں، عدالتی حکم کے باوجود انہیں عمران خان سے ملنے نہیں دیا گیا۔

جس پر سہیل آفریدی نے جیل انتظامیہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے آج اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا کہ توہین عدالت کا کیس دائر کرنے کیلئے حکمنامے کی تصدیق شدہ نقل فراہم کی جائے۔