پاکستان

بلوچستان: نصیر آباد میں حملہ آوروں نے جعفر ایکسپریس پر راکٹ داغ دیے

ضلع نصیرآباد میں نوتال کے قریب حملہ آوروں نے چار راکٹ فائر کیے، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ایف سی اور پولیس اہلکاروں کی فوری جوابی فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے، ایس ایس پی

کوئٹہ سے پشاور جانیوالی جعفر ایکسپریس پر نامعلوم افراد نے راکٹ حملہ کیا، حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ٹرین کو بحفاظت جیکب آباد پہنچا دیا گیا۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) نصیرآباد غلام سرور بھیو نے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ ضلع نصیرآباد میں نوتال کے قریب ریلوے ٹریک پر نامعلوم مسلح افراد نے ٹرین پر 4 راکٹ داغ دیے۔

پولیس کے مطابق حملہ جعفر ایکسپریس پر کیا گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ایف سی اور پولیس اہلکاروں نے فوری جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ الطاف آباد کے مقام پر پیش آیا جہاں چار راکٹ فائر کیے گئے تاہم ٹرین کو محفوظ طریقے سے ڈیرہ مراد جمالی ریلوے اسٹیشن پہنچا دیا گیا، جبکہ جائے وقوعہ کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس اور بولان میل کو ڈیرہ مراد جمالی سے کلیئرنس کے بعد جیکب آباد کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے، واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے ریلوے ٹریک کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔