حکومت کا اسٹارٹ اپس اور فری لانسرز کے لیے 250 مشترکہ ورکنگ مراکز قائم کرنے کا منصوبہ
حکومت نے اسٹارٹ اپس اور فری لانسرز کے لیے 250 مشترکہ ورکنگ مراکز قائم کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا، جن میں سے 40 مراکز جون 2025 تک مکمل کیے جا چکے ہیں۔
وزارتِ آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے رواں مالی سال میں 47 مشترکہ ورکنگ مراکز قائم کرنے کا ہدف مقرر کر دیا ہے، جن میں سے 40 مراکز جون 2025 تک مکمل کیے جا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق فروری 2027 تک ملک بھر میں 250 مراکز قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔
پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ نے اس منصوبے کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں، جس میں پبلک اور پرائیویٹ ادارے مشترکہ ورکنگ مراکز کے قیام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
یہ منصوبہ وزیراعظم کے اسٹارٹ اپ سپورٹ پروگرام کا حصہ ہے اور اس کے ذریعے فری لانسرز اور اسٹارٹ اپس کو جدید سہولیات اور نیٹ ورکنگ مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
پارٹنر بینکوں کے ذریعے ایک کروڑ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا، منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت چلایا جا رہا ہے، جس میں حکومت اور نجی شعبہ مل کر ٹرینرز کی فیس ادا کریں گے۔
بڑے شہروں میں مراکز تقریباً 3 ہزار 500 مربع فٹ پر مشتمل ہوں گے، جب کہ چھوٹے شہروں میں تربیت اور کاروباری رہنمائی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
نیشنل مشترکہ ورکنگ مراکز کے قیام سے ملک میں ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ کو نئی رفتار ملنے کی توقع ہے۔