پاکستان

کراچی: کورنگی میں تیز رفتار ڈمپر کی کھڑی موٹر سائیکلوں کو ٹکر، ایک شخص جاں بحق

ملزم ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، مشتعل ہجوم نے ڈمپر کو آگ لگا دی، ٹریفک پولیس نے حادثے کی بنیادی وجہ تیز رفتاری قرار دے دی۔
|

کراچی کے علاقے کورنگی میں تیز رفتار ڈمپر نے کھڑی موٹرسائیکلوں کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ڈمپر کا ڈرائیور کورنگی کے مرتضیٰ چورنگی سے سنگر چورنگی کی جانب جا رہا تھا اور اس دوران وہ انتہائی تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑی چلا رہا تھا۔

مزید بتایا کہ ڈمپر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گیا اور ایک موٹر سائیکل سوار 40 سالہ اقرار اسرار کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا اور اسے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

مزید بتایا کہ ملزم ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جبکہ مشتعل ہجوم نے ڈمپر کو آگ لگا دی، ٹریفک پولیس نے حادثے کی بنیادی وجہ تیز رفتاری قرار دے دی۔

ادھر، سوشل میڈیا پر واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سنگر چورنگی پر ٹریفک پولیس اہلکاروں نے موٹرسائیکل سواروں کو روکا ہوا تھا، اس دوران تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا۔

یاد رہے کہ شہر قائد میں ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے ہلاکتوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، اور یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب کراچی میں ای چالان کا نظام نافذ کر دیا گیا ہے، اور بڑے پیمانے پر شہریوں پر بھاری جرمانے کیے جا رہے ہیں۔

28 اکتوبر کو ٹریفک پولیس نے بتایا تھا کہ ای چلان کے نظام کے باضابطہ افتتاح کے بعد مجموعی طور پر 2 ہزار 662 الیکٹرانک چالان جاری کیے گئے۔

کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں بتایا گیا تھا کہ اوور اسپیڈنگ پر 419، لین لائن کی خلاف ورزی پر 3، اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر 4، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر ایک ہزار 532، ریڈ لائٹ کراس کرنے پر 166 چالان کیے گئے۔