ایپل نے آئی فون رکھنے کے لیے 42 ہزار روپے کی قیمت کی جرابیں متعارف کروادیں
اسمارٹ فونز اور کمپیوٹر متعارف کرانے والی امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی فون رکھنے کے لیے دیدہ زیب جرابیں متعارف کرادیں، جن کی پاکستانی قیمت محض 42 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
ایپل کی آفیشل ویب سائٹ پر متعارف کرائی گئی جرابوں کے ڈیزائن اور قیمت کا اعلان کیا گیا، تاہم متعدد ممالک میں ان کی ڈیلیوری متعارف نہیں کرائی گئی۔
ایپل نے جاپانی ڈیزائنر برانڈ آئسے میاکیا (ISSEY MIYAKE) کے ساتھ مل کر ایک نئی ’پوکنگ‘ متعارف کرائی ہے جو اصل میں ایک چھوٹی سی بیگ جیسی چیز ہے جو دکھنے میں جرابوں جیسی لگتی ہے۔
یہ ’آئی فون پوکنگ‘ (iPhone Pocket) دراصل ایک لچکدار تھری ڈی ٹیکنالوجی پر کپڑے کی ساخت سے بنائی گئی ہے، جس میں آئی فون، ایئر پوڈز اور دیگر چھوٹی چیزیں آسانی سے رکھی جا سکتی ہیں
دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر کوئی اسے کلائی پر لٹکانا نہ چاہے تو مذکورہ جرابوں نما بیگ کا بڑا سائز بھی دستیاب ہے جسے جسم پر لٹکایا جا سکتا ہے اور بڑے سائز کے جرابے کی قیمت محض 230 ڈالر (تقریباً 65 ہزار روپے) ہے۔
ایپل کی پریس ریلیز کے مطابق مذکورہ ڈیزائن ’ایک ٹکڑے کپڑے‘ (a piece of cloth) کے تصور سے متاثر ہے جو آئسے میاکیہ کی مشہور پلیٹڈ کپڑوں کی طرز پر بنایا گیا ہے۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ مذکورہ پروڈکٹ جاپان میں تیار کی گئی اور ایپل کے ڈیزائن اسٹوڈیو اور میاکیہ کی ٹیم کے قریبی تعاون کا نتیجہ ہے۔
حیران کن بات یہ ہے کہ مذکورہ جرابیں محدود تعداد میں بنائی گئی ہیں اور انہیں صرف امریکا، برطانیہ، فرانس، اٹلی، جاپان، سنگاپور، جنوبی کوریا، چین اور کچھ منتخب ایپل اسٹورز پر پیش کیا جائے گا۔
مذکورہ جراب جیسا ایک چھوٹا بیگ پاکستانی 42 ہزار جب کہ بڑا بیگ پاکستانی 65 ہزار روپے میں فروخت کیا جائے گا۔