زمبابوے کی کرکٹ ٹیم سہ فریقی سیریز کیلئے اسلام آباد پہنچ گئی
زمبابوے کی کرکٹ ٹیم سہ فریقی سیریز کے لیے اسلام آباد پہنچ گئی، مہمان ٹیم کو سخت سیکیورٹی حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق زمبابوے کرکٹ ٹیم تین ملکی سیریز کے لیے اسلام آباد پہنچ گئی، مہمان ٹیم کو سخت سیکیورٹی حصار میں ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا جہاں وہ آج آرام کرے گی۔
پاکستان سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان سہ فریقی ٹی20 سیریز 18 نومبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگی اور 29 نومبر تک جاری رہے گی۔
یاد رہے کہ سیریز کا شیڈول تبدیل کردیا گیا گیا ہے، پہلے 17 نومبر سے شیڈول سیریز اب 18 نومبر سے راولپنڈی میں ہی کھیلی جائے گی اور لاہور میں شیڈول میچز سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے راولپنڈی منتقل کردیے گئے ہیں۔
اس سے قبل اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے بعد سری لنکن کھلاڑیوں نے اپنی حفاظت کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا تھا۔
تاہم، سری لنکن کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے جب کہ کسی کھلاڑی کے دورے سے دستبرداری کی صورت میں متبادل کھلاڑیوں کو بھیجا جائے گا۔
ایک سری لنکن عہدیدار نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث کم از کم 8 سری لنکن کرکٹرز پاکستان اور زمبابوے کے خلاف سہ ملکی وائٹ بال کرکٹ سیریز میں حصہ لیے بغیر وطن واپس لوٹ جائیں گے، جبکہ سری لنکن بورڈ نے دورہ پاکستان جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔