دوسرا ون ڈے: بابر اعظم کی ناقابل شکست سنچری، پاکستان کی سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست
دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے بابر اعظم کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت سری لنکا کو بآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کا 289 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 10 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔
مڈل آرڈر بیٹر بابر اعظم نے 806 دن کے لمبے وقفے کے بعد نہ صرف سنچری اسکور کی، بلکہ پاکستان کو جیت دلانے میں اہم کردار بھی ادا کیا، دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بیٹر 119 گیندوں پر 102 رنز کی تاریخی اننگز کھیل کر وکٹ پر موجود رہے، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بھی 51 رنز بنا کر بابر اعظم کا بھرپور ساتھ دیا۔
شاندار کارکردگی پر بابر اعظم کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا، پاکستان کی جانب سے اوپنر بیٹر فخر زمان نے 78 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، صائم ایوب 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے دشمانتھا چمیرا نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے، جنیتھ لیالانگے نے شاندار 54 رنز کی اننگز کھیلی۔
کامیندو مینڈس 44 اور سدھیرا سمارا وکرما 42 رنز بنانے میں کامیاب رہے، وانندو ہاسارنگا نے 37 رنز کی عمدہ ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور حارث رؤف نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، وسیم جونیئر نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔