کراچی: سپر ہائی وے پر کار کی اسکوٹی کو ٹکر، خاتون ٹیچر جاں بحق
حادثہ دنبہ گوٹھ کے قریب پیش آیا، اسکوٹی پر سوار 2 خواتین اسکول جا رہی تھیں، 32 سالہ سمیرا حکیم دم توڑ گئیں، زخمی ٹیچر رابعہ ناز کا علاج جاری ہے، پولیس
کراچی پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق سپر ہائی وے کے قریب کار کی ٹکر سے ایک اسکول ٹیچر جاں بحق اور دوسری زخمی ہوگئی۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق گڈاپ سٹی کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) سرفراز جتوئی نے بتایا کہ 32 سالہ سمیرا حکیم اور 37 سالہ رابعہ ناز شاہد علی اپنے اسکول جا رہی تھیں کہ دنبہ گوٹھ کے قریب سپر ہائی وے (موجودہ موٹروے-9) پر ایک تیز رفتار کار نے ان کی اسکوٹی کو ٹکر مار دی۔
انہیں شدید زخمی حالت میں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے سمیرا حکیم کو مردہ قرار دے دیا، جب کہ رابعہ ناز ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پولیس نے کار کے ڈرائیور کاشف عزیز کو گرفتار کر کے گاڑی ضبط کر لی ہے۔