ڈیرہ اسمٰعیل خان: پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب دھماکا، 2 اہلکار شہید
خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق ڈیرہ اسمٰعیل خان میں دھماکے کے فورا بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکا ہتھالہ گلوٹی روڈ پر پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب ہوا۔
ذرائع کے مطابق ٹکواڑہ پولیس چوکی کی بکتر بند گاڑی حسب معمول گشت پر تھی کہ دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور اور کانسٹیبل شہید ہوگئے جب کہ دھماکے میں 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دریں اثنا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے میں پولیس بکتر بند گاڑی کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے واقعے میں زخمی ہونے والے 4 اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر جوانوں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، صوبائی پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے، شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔