الیکشن ٹربیونل نے این اے 130 سے نواز شریف کی کامیابی کے خلاف یاسمین راشد کی درخواست مسترد کر دی
لاہور میں قائم ایک الیکشن ٹربیونل نے قید میں موجود پاکستان تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کی وہ درخواست مسترد کر دی، جس میں انہوں نے 2024 کے عام انتخابات میں لاہور کے حلقہ این اے 130 سے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔
ریٹائرڈ جسٹس رانا زاہد محمود نے یاسمین راشد کی درخواست تکنیکی بنیادوں پر خارج کی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت انتخابی عذر داری دائر کرنے کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہیں۔
ٹربیونل کا تحریری فیصلہ تاحال جاری نہیں کیا گیا۔
یاسمین راشد نے 16 اپریل 2024 کو نواز شریف کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کرتے ہوئے یہ درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نواز شریف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
یاسمین راشد نے استدعا کی تھی کہ سابق وزیراعظم کی کامیابی کالعدم قرار دی جائے۔
انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے نتائج میں ردوبدل کر کے ان کی شکست کو یقینی بنایا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 130 سے نواز شریف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن 13 فروری کو جاری کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق نواز شریف نے این اے 130 سے ایک لاکھ 79 ہزار 310 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ یاسمین راشد ایک لاکھ 4 ہزار 485 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔