پاکستان

وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر گفتگو

بات چیت میں امت کے اندر اتحاد اور مکالمے و سفارت کاری کے ذریعے علاقائی امن و استحکام برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر بات چیت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے لیے ایک پرجوش اور امید افزا مستقبل کا تصور پیش کیا ہے۔

جمعرات کی صبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے ایک روز قبل وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کی توثیق کی۔

وزیراعظم نے اس گفتگو کو نہایت خوشگوار اور دوستانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طویل عرصے سے قائم برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، جو حالیہ مہینوں میں نئی بلندیوں تک پہنچ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مملکت سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جبکہ خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جس میں امت کے اندر اتحاد اور مکالمے و سفارت کاری کے ذریعے علاقائی امن و استحکام برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ سعودی ولی عہد کے شکر گزار ہیں جنہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا اور آئندہ برس پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے ارادے سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مل کر ہم پاکستان اور سعودی عرب کے لیے ایک پرجوش اور امید افزا مستقبل کا تصور رکھتے ہیں۔

اسی نوعیت کا بیان ایک روز قبل وزیراعظم آفس کی جانب سے بھی جاری کیا گیا تھا، جب وزیراعظم نے وزیر اعظم ہاؤس میں سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات کی تھی، جس میں علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے امن و استحکام برقرار رکھنے کی ضرورت پر ایک بار پھر زور دیا۔

انہوں نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کے لیے سعودی حمایت اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اس کے کردار کو سراہا۔

وزیراعظم نے رواں سال ولی عہد سے ہونے والی اپنی ملاقاتوں کو نہایت مفید قرار دیا، جن کے باعث پاک سعودی تعلقات نئی سطح پر پہنچے۔

انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت اور علاقائی امن کے فروغ میں اس کے تعمیری کردار پر گہری قدردانی کا اظہار کیا۔

سعودی سفیر نے سعودی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔