پاکستان

اسلام آباد: شادی والے گھر میں دھماکا، دلہا دلہن سمیت 6 افراد جاں بحق

دھماکے سے چار مکانات کو نقصان پہنچا، 11 افراد زخمی، گیس سلنڈر پھٹنے کا خدشہ ظاہر، حادثہ شادی کی تقریب کے مقام پر ہوا، پولیس
|

اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں شادی والے گھر میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں دلہا اور دلہن بھی شامل ہیں۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ترجمان ڈاکٹر عنیزہ جلیل نے بتایا کہ چھ لاشیں اور 11 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے ڈان کو بتایا کہ واقعے کے بعد ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر رانا عمران سکندر کی ہدایات پر پمز میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

ڈاکٹر عنیزہ جلیل کے مطابق ایک زخمی کو اسپتال کے برن سینٹر میں منتقل کیا گیا، جو 20 فیصد جھلسا ہوا تھا۔

ادھر اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صاحبزادہ یوسف، ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کی ہدایات پر جائے وقوع پر پہنچے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دھماکے سے کم از کم چار مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور اس بات کی تصدیق کی کہ جاں بحق افراد میں دلہا اور دلہن شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکا شادی کی تقریب کے مقام پر ہوا، جہاں مہمان بھی موجود تھے، تاہم جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو ٹیم خصوصی آلات کے ذریعے مزید تلاشی لے رہی ہے اور واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے، تاہم بظاہر یہ گیس سلنڈر کا دھماکا لگتا ہے۔

دوسری جانب سینیٹ سیکریٹریٹ کے جاری بیان کے مطابق سینیٹ چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے شادی کے دوران پیش آنے والے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔

بیان کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہے جس نے ایک خاندان کی خوشیوں کو غم میں بدل دیا، ساتھ ہی انہوں نے گیس سلنڈر دھماکوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات اس بات کے متقاضی ہیں کہ متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں سنجیدگی سے نبھائیں اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں، جبکہ غیر محفوظ گیس سلنڈروں کے استعمال کے تدارک کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانے، قوانین پر عملدرآمد اور عوام میں آگاہی کی ضرورت پر زور دیا۔