Dawn News Television

شائع 03 ستمبر 2012 09:27am

امریکی قونصلیٹ کی گاڑی پر 'خود کش' حملہ، دو ہلاک

پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں امریکی قونصلیٹ کی گاڑی پر مبینہ خود کش حملے میں دو مقامی افراد ہلاک جبکہ غیر ملکیوں سمیت انیس زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق آبدرہ روڈ پر پیش آنے والے اس حملے میں خود کش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی امریکن قونصلیٹ کی گاڑی سے ٹکرا دی ۔

سی سی پی او پشاور الطاف امتیاز نے بتایا کہ  حملے میں ایک سو دس کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔

دھماکہ کے نتیجے میں پانچ سے چھ مکانوں کے علاوہ متعد گاڑیوںکو بھی نقصان پہنچا۔

خبر رساں ادارے اے پی نے مقامی پولیس افسر پرویز خان کے حوالے سے بتایا کہ اقوام متحدہ کے زیر استعمال عمارت کے قریب، گاڑی پر حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ قونصلیٹ دفتر سے روانہ ہوئی۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے مطابق حملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔

امریکی سفارت خانے کے ایک عہدے دار نے ان خبروں کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ دھماکے میں دو امریکی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں کوئی امریکی ہلاک نہیں ہوا۔

Read Comments