Dawn News Television

شائع 10 ستمبر 2012 02:16pm

شدید بارشوں، سیلاب سے 78 افراد ہلاک، حکام

اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ تین روز سے جاری شدید بارشوں اور سیلاب سے کم از کم اٹھتر افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے کے ترجمان ارشاد بھٹی کے مطابق پچھلے ہفتے شروع ہونے والی تیز بارشوں کے نتیجے میں سولہ سو مکان مکمل طور پر تباہ جب کہ پانچ ہزار کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اب تک  ملک بھر میں اٹھتر افراد ہلاک اور 68 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر اموات مکانات منہدم ہونے سے اور سیلاب میں بہہ جانے سے ہوئی ہیں۔

سب سے زیادہ تباہی صوبہ خیبر پختونخواہ میں ہوئی جہاں بتیس افراد ہلاک اور چھبیس زخمی ہو ئے۔

صوبے کے مختلف مختلف اضلاع میں 83 مکان مکمل طور پر تباہ جبکہ 4200 کو جزوی نقصان پہنچا۔

پولیس افسر محمد علی کے مطابق صوابی میں افغان مہاجرین پر مشتمل ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد رات کو مکان منہدم ہونے سے دب کر ہلاک ہو گئے۔

ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین اور بارہ سال کی عمر تک کے چھ بچے بھی شامل ہیں۔

بھٹی کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں سیلاب میں اکتیس افراد ہلاک ہو گئے۔ گزشتہ ماہ آنے والے سیلاب میں بھی کم از کم چھبیس ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

Read Comments