Dawn News Television

شائع 19 ستمبر 2012 08:54am

کراچی میں دو دھماکوں سے سات افراد ہلاک

کراچی: کراچی کے ایک بازار کے قریب بوہرا برادری کے ایک کمپاؤنڈ میں منگل کی شام دو بم دھماکوں میں کم از کم سات افراد ہلاک جبکہ بائیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔

نارتھ ناظم آباد کے قریب ہی واقع حیدری مارکیٹ میں دھماکوں میں زیادہ تر ہلاک و زخمیوں کا تعلق داؤدی بوہرا برادری سے ہے۔

ذرائع کے مطابق، یہ دھماکے بوہرا برادری کے روحانی رہنما سیدی موفدل بھائی صاحب کے گزشتہ روز کے دورے کے بعد ہوئے۔

عباسی شہید ہسپتال کے ڈاکٹر نے تصدیق کی ہے ہلاک ہونے والوں میں سے چھ افراد داؤدی بوہرا برادری سے جبکہ ایک شخص ایک قلفی فروش تھا جس کا تعلق رحیم یار خان سے بتایا جاتا ہے۔

کراچی کے اعلی پولیس افسرنعمان صدیقی کا کہنا ہے کہ پہلا دھماکہ موٹر سائیکل میں نصب مواد پھٹنے سے ہوا جبکہ دوسرا دھماکہ درخت کے نیچے کچرے کے ڈھیر میں ہوا۔

بم ڈسپوزل یونٹ کے ایک اہلکار نے کہا کہ موٹر سائیکل پر تین عشاریہ پانچ  کلو گرام دھماکہ خیز مواد نصب تھا جسے ریمورٹ کنٹرول سے اڑایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسرا دھماکہ ایمپرووائز دھماکہ خیز آلے سے ہوا جس میں پانچ سو گرام دھماکہ خیز مواد موجود تھا۔

رضویہ علاقے کے ایک پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ یہ موٹر سائیکل تین ستمبر کو چھینی گئی تھی۔

دھماکے کے بعد نارتھ ناظم آباد اور حیدری میں تمام مارکٹین بند کردیں گئیں۔

Read Comments