Dawn News Television

شائع 10 اکتوبر 2012 11:11am

ملالہ کو علاج کیلیے بیرون ملک منتقل نہیں کر رہے، ملک

پشاور: وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ قومی امن ایوارڈ یافتہ ملالہ یوسفزئی پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ہے، حملہ کرنے والے دہشت گرد کہیں نہیں بھاگ سکتے۔

بدھ کو سی ایم ایچ پشاور میں ملالہ یوسف زئی کی عیادت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی پر حملہ کرنے والے دہشت گرد کہیں بھاگ نہیں سکتے انھیں گرفتار کر کے ہرحال میں قرارواقعی سزا دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملالہ پرحملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی ہے اور ہمیں یہ بھی پتہ ہے کہ وہ کتنے دن پہلے سوات میں آئے تھے اورانہوں نے کن کن لوگوں کو استعمال کیا اور کیا طریقہ واردات اختیار کیا۔

رحمان ملک نے مزید کہا کہ ملالہ کو علاج کیلیے بیرون ملک بھیجے جانے سے متعلق فیصلہ فی الحال موخر کردیا گیا، ڈاکٹروں کے مطابق ملالہ کی حالت خطرے سے باہر ہے لیکن اگر ڈاکٹروں تجویز کیا تو انہیں مزید علاج کیلیے بیرون ملک بھیجا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے ملالہ کے سر میں لگنے والی گولی جو ان کے کندھے تک جا پہنچی تھی اس کو آپریشن کے ذریعے نکال دیا ہے اور میڈیکل بورڈ کی رائے کے مطابق ملالہ کو فی الحال بیرون ملک نہیں بھیجا جا رہا، ڈاکٹروں کی رپورٹ کے مطابق ملالہ کے دماغ کا مرکزی حصہ متاثر نہیں ہوا۔

 اس سے قبل طالبان کے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے والی ملالہ کے سر سے گولی نکال لی گئی تھی لیکن ان کو مزید علاج کیلیے بیرون ملک منتقل کرنے کی اطلاعات تھیں۔

ملالہ یوسفزئی کو سوات میں ان کی اسکول بس میں گولی ماری گئی تھی جس میں ان کی دو سہیہلیاں بھی زخمی ہوئی تھیں۔ اس حملے کے بعد ملالہ کو ملٹری ہسپتال میں داخل کردیا گیا تھا۔

ملالہ کو منگل کی رات انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی حالت کو سیریس قرار دی۔

ایک ملٹری افسر نے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ ماہر ڈاکٹرز ملالہ کی حالت کا جائزہ لینے بدھ کے روز پشاور روانہ ہوئے ہیں۔

افسر کا کہنا تھا کہ ان کا ایجنڈا دو نکاتی ہے۔ ایک یہ کہ ملالہ کی حالت دیکھتے ہوئے انہیں بیرون ملک لے جایا جائے، دوسرا کہ ان کی سرجری ادھر ہی کردی جائے۔

گزشتہ رات سی ایم ایچ ہسپتال میں ایک ڈاکٹر نے اے ایف پی کو بتایا کہ گولی ان کے سر سے گزر کر ان کی گردن کے قریب پیچھے کندھے کی طرف چلی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملالہ اس وقت انتہائی نگہداشت یونٹ میں نیم بے ہوشی کی حالت میں ہیں تاہم انہوں نے تصدیق کی کہ ملالہ اس وقت وینٹیلیٹر پر نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آنے والے تین سے چار دن ملالہ کے لیے بہت اہم ہیں۔

دوسرے طرف پی آئی اے چیف جنید یوسف نے اے ایف پی کو بتایا کہ پی آئی اے کا طیارہ تیار کھڑا ہے، بس آرڈر ملنے کی دیر ہے۔

Read Comments