Dawn News Television

شائع 27 نومبر 2012 10:07am

ملالئے عالمی مفکروں کی فہرست میں شامل

واشنگٹن: سوات سے تعلق رکھنے والی قومی امن ایوارڈ یافتہ طالبہ ملالئے یوسفزئی کو فارن پالسی میگزین کے دو ہزار بارہ کے سو عالمی مفکروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر رکھا گیا۔ اس طرح وہ امریکی صدر بارک اوبامہ سے سے آگے نکل گئیں جو ساتویں نمبر پر ہیں۔

اس فہرست میں شامل دوسرے پاکستانیوں میں امریکا کے لیئے پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی اور ان کی اہلیہ فرح ناز اصفہانی اور بلاگر ثناء سلیم  شامل ہیں۔

فارن پالیسی میگزین کی یہ فہرست ہر سال جاری کی جاتی ہے جس میں دنیا بھر سے ان بڑی بڑی شخصیات کو منتخب کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنے شعبوں میں جدوجہد کی اور ان کی سوچ عالمی کمیونٹی کومتاثر کرنے اور ان میں تبدیلی کا سبب بنی۔

فہرست میں میانمر کی رہنما آنگ سان سو کی بھی شامل ہیں جنہوں نے جمہوریت کی کوششوں کی پاداش میں طویل عرصہ قید میں گزارا۔ اس کے علاوہ میانمار کے سابق جنرل اور اصلاح پسند صدر تھین سین بھی فہرست میں شامل ہیں۔

سابق امریکی صدر بل کلنٹن، امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے بعد چھٹے نمبر پر ملالہ یوسف زئی کھڑی ہیں جہاں امریکی صدر باراک اوباما کو ملالہ یوسف زئی کے بعد جگہ ملی ہے۔

ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب اردگان کا نام بھی فہرست میں شامل ہے۔

گزشتہ سالوں میں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری، بیرسٹر اعتزاز احسن اور موجودہ امریکی سفیر شیری رحمان کا نام بھی اس فہرست میں شامل کیا جاچکا ہے۔

Read Comments