Dawn News Television

شائع 15 دسمبر 2012 09:17am

کراچی، سندھ کے دیگر بڑے شہروں میں رات گئے کشیدگی

کراچی: کراچی اور سندھ کے دیگر بڑے شہروں میں رات گئے اچانک کشیدگی پھیل گئی۔ مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دکانیں اور کاروباری مراکز بند کرادیئے۔

جبکہ مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے اس بارے میں خاموش رہے اور نہ ہی اس کی کوئی وجہ بیان کرسکے۔

اچانک فائرنگ سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

سندھ وزیر اعلی نے پولیس اور رینجرز کو حساس علاقوں میں گشت کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا اس معاملے سے کچھ لینا دینا نہیں۔

فائرنگ اور دکانیں بند کرانے کا آغاز کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے ہوا۔ اس کے بعد شہر کے دیگر علاقوں ناظم آباد ، گرومندر،اورنگی ٹاؤن،ملیر، جمشید روڈ، لانڈھی ، کورنگی میں بھی بازار ، پیٹرول پمپس ، سی این جی اسٹیشن اور دیگر دکانیں مکمل طور پر بند ہوگئیں۔

لطیف آباد ، پریٹ آباد، پھلیلی ، گاڑی کھاتہ میں بھی دکانیں بند کرادی گئیں۔۔میرپور خاص، سکھر ، نواب شاہ، کوٹری، ٹنڈو الہیار میں بھی فائرنگ کے بعد دکانیں بند ہوگئیں۔

Read Comments