Dawn News Television

شائع 15 جنوری 2013 04:38pm

پاکستان سے تعلقات پہلے جیسے نہیں رہے، منموہن

نئی دہلی: ہندوستانی وزیر اعظم نے متنبہ کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان کی جانب سے کشمیر کی متنازع سرحد پر دو ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد پڑوسی ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات اب پہلے جیسے نہیں رہے۔

آرمی فنکشن کے موقع پر صحافیوں سے  گفتگو کرتے ہوئے ہندوستانی وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات اب پہلے جیسے نہیں رہے۔

انہوں نے دو ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکت اور ان میں سے ایک کی سربریدہ لاش ملنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہوا وہ ناقابل قبول ہے۔

منموہن نے کہا کہ ذمے داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

دونوں ملکوں کی افواج کی جانب سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد فلیگ میٹنگ میں احتجاج درج کرایا گیا تھا اور اسی روز میٹنگ سے تقریباً ایک گھنٹے قبل ہندوستانی آرمی چیف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انڈین آرمی کو سرحد پر کسی بھی قسم کے فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں جارحانہ اقدام اٹھانے کی ہدایت کی تھی۔

ہندوستانی حکومت نے آٹھ جنوری کو پاکستان پر اس کی حدود میں فائرنگ کرنے اور دو فوجی ہلاک کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے ہندوستانی الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اس کی فوجی ایسے کسی واقعے میں ملوث نہیں اور اس کےساتھ ساتھ پڑوسی ملک پر پاک فوج کے دو جوانوں کی ہلاکت کا الزام عائد کیا تھا۔

Read Comments