Dawn News Television

شائع 26 جنوری 2013 08:48pm

افغانستان: خودکش دھماکے میں دس پولیس اہلکار ہلاک

کابل: افغانستان کے شمال مشرقی شہر قندوز کے گنجان آباد علاقے میں ہفتے کو ہونے والے دھماکے میں کم از کم 10 پولیس اہلکار ہلاک اور 18 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے اکثریت شہریوں کی ہے۔

قندوز پولیس کے ترجمان سید سرور حسینی نے اے ایف پی کو بتایا کہ دھماکے میں انسداد دہشت گردی کی پولیس کے سربراہ، ٹریفک پولیس کے سربراہ اور ان کے گارڈز سمیت دس افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 18 افراد زخمی بھی ہوئے جس میں 13 شہری اور 5 پولیس اہلکار شامل ہیں۔

صوبائی گورنر کے ترجمان عنایت اللہ خلیق نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تصدیق کی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکہ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجکر 20 منٹ پر ہوا۔

قندوز کے محکمہ صحت کے سربراہ سعد مختار کے مطابق دھماکے میں 19 افراد زخمی ہوئے۔

ابھی تک کسی نے بھی ان حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کی لیکن ماضی میں طالبان عسکریت پر ان حملوں کی ذمے داری عائد کی جاتی رہی ہے۔

اس سے قبل ہفتے کو ہی جنوب مشرقی صوبے غزنی میں ہونے والے ایک اور خودکش دھماکے میں 2 شہری ہلاک ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ جمعے کو صوبی کپیسا میں نیٹو کے کاررواں پر کار میں موجود ایک خودکش بمبار نے حملہ کر دیا تھا جس سے کم از کم پانچ شہری ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے تھے۔

Read Comments