کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کسی بھی قیمت پر دوبارہ پیپلز پارٹی کے ساتھ حکومت میں شامل نہیں ہوگی۔

متحدہ کے قائد نے یہ بات عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

شیخ رشید نے الطاف حسین کو فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور ان سے موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر الطاف حسین نے کہا کہ تمام سیکٹرز، زونز اور اضلاع کے کارکنوں، تمام تنظیمی ونگز اور شعبہ جات جیسے لیبرڈویژن، اے پی ایم ایس او، شعبہ خواتین، ایلڈرز ونگ، لیگل ایڈ کمیٹی، میڈیکل ایڈ کمیٹی، سی ایی سی، ریزیڈینٹس کمیٹیوں اور دیگر تنظیمی کمیٹیوں کا پارٹی کی قیادت اور رابطہ کمیٹی پر دباؤ ہے کہ کسی بھی قیمت پر سندھ حکومت میں دوبارہ شمولیت اختیار نہ کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت میں دوبارہ شمولیت کے بارے میں سوچنا بھی سو فیصد نامناسب عمل ہوگا۔

یاد رہے کہ ایم کیو ایم نے بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسے سے خطاب میں الطاف حسین کو ہدفِ تنقید بنانے پر اتوار کو پیپلز پارٹی سندھ حکومت سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات کوئی نئی بات نہیں ہے اور یہ پانچواں موقع ہے جب متحدہ نے پی پی کی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔

اس سے قبل پی پی کے دورِاقتدار میں بھی تین مرتبہ ایم کیو ایم وفاق اور سندھ سے الگ ہوئی تھی، لیکن بعد میں اس نے دوبارہ شمولیت اختیار کرلی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں