اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ 23 اپریل کو کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ انتخاب این اے-246 کے ضمنی انتخاب کے دوران بیلیٹ کی رازداری کا تحفظ کیا جائے گا۔

ضمنی انتخاب کے انتظامات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کے سیکریٹری کے کراچی کے حالیہ وزٹ کے دوران لیے گئے فیصلوں کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کمیشن کے ایک عہدے دار نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر نگرانی کے کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ پہلے ہی لے لیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ نگرانی کے کیمروں کی تنصیب کی اجازت اس طرح دی جائے گی کہ ووٹ کی رازداری اور تقدس پر کوئی آنچ نہ آسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ووٹروں کو پولنگ اسٹیشنوں میں موبائل فونز لے جانے پر پابندی ہوگی، اور اس پابندی کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ریٹرننگ آفیسر اور پریزائیڈنگ آفیسرز کو قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سمری ٹرائل کے لیے فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے۔

مذکورہ عہدے دار نے کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر رینجرز کو تعینات کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ تمام ایجنسیاں ظاہری اور پس پردہ طور پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ پولنگ کے روز خاص طور پر ووٹوں کی گنتی کے دوران کے-الیکٹرک اپنے لوڈشیڈنگ کے شیڈول پر عملدرآمد نہیں کرے گی۔

پریزائیڈنگ آفیسرز کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ الیکشن کے آغاز سے ایک دن پہلے اپنے پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچ جائیں۔ ضلعی انتظامیہ پولنگ کے عملے کو قیام و طعام اور انتظامی مدد فراہم کرے گی۔

مذکورہ عہدے دار نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں اور انتخابی امیدواروں کے ساتھ یکساں نکتہ نظر اپنایا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں