'ساری کارروائی اخباری اطلاعات پر ہوتی ہے'
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ساری کارروائی اخباری اطلاعات پر ہوتی ہے، دہشت گردوں پر زمین تنگ کردی ہے، جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
کلر سیداں میں تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ہر مظلوم کی بات سنتا ہوں، مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ مظلوم کا تعلق کس جماعت سے ہے، کوشش ہوتی ہے کہ ہر مظلوم کی آواز مجھ تک پہنچے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ضرور فتح حاصل کریں گے، دہشت گرد ناصرف ملک بلکہ اسلام کاچہرہ بھی مسخ کررہے ہیں۔
کراچی میں بس پر حملے میں قائم علی شاہ سے مستعفی ہونے کے مطالبے پر ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے استعفے کے حق میں نہیں، دہشت گردی کے واقعات پر وزرائے اعلیٰ سے استعفیٰ نہیں مانگاجاتا، استعفے مانگنے والے خیبرپختونخوا میں یہ مطالبہ کیوں نہیں کرتے؟ ،امریکا میں نائن الیون پر کسی نے استعفیٰ مانگا نہ کسی نے دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی دہشت گرد وار کرتے ہیں تو مایوسی چھاجاتی ہے،ایسا نہیں ہوناچاہیے، قوم کے اوسان ایسے واقعات سے خطا نہیں ہونے چاہئیں۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ جون 2014سے اب تک 10ہزارانٹیلی جنس بیس آپریشن کیے گئے، انٹیلی جنس نظام میں کمزوریاں دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کامقصد قوم کوتقسیم کرنا ہوتا ہے، دہشت گرد اب آسان اہداف معصوم اورغیر محفوظ لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
انہوں یہ بھی کہاکہ ملک میں موجودہ مسائل جنرل (ر) پرویز مشرف کی وجہ سے ہیں۔












لائیو ٹی وی
تبصرے (3) بند ہیں