لاہور: پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹ سے شکست دے کر دو سال بعد ایک روزہ میچوں کی سیریز میں کامیابی حاصل کر لی۔

لاہور میں کھیلے گئے میں پاکستانی کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔

زمبابوین اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 83 رنز کا شاندار آغاز فراہم کر کے حریف کپتان کے فیصلے کو غلط ثابت کردیا تاہم اسی اسکور پر ووسی سبانڈا پویلین لوٹ گئے۔

دوسرے اینڈ پر موجود چمو چبابا نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا لیکن 114 کے اسکور پر کپتان ہملٹن مساکاڈزا یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہو کر ٹیم پر دباؤ بڑھا گئے۔

پاکستان کو تیسری کامیابی کے لیے بھی زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور یاسر کے اگلے ہی اوور میں انہی کو کیچ تھما دے بیٹھے۔

اس موقع پر چبابا کا ساتھ نبھانے سکندر رضا پہنچے اور دونوں نے اسکور آگے بڑھانا شروع کیا لیکن 99 کے انفرادی پر چبابا بدقسمتی سے آؤٹ ہو کر اپنی پہلی سنچری سے محروم ہو گئے، چبابا 99 رنز پر آؤٹ ہونے والے پہلے زمبابوین بلے باز ہیں۔

چبابا کے آؤٹ ہونے کے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید زمبابوین ٹیم زیادہ اسکور نہ کر سکے لیکن سکندر رضا نے تن تنہا شاندار اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کو 268 رنز کے مجموعے تک رسائی دلائی۔

پاکستانی نژاد سکندر نے 84 گیندوں پر تین چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 100 رنز کی اننگ کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ اور وہاب ریاض دو دو وکٹیں لے کر سب سے کمایاب باؤلر رہے۔

جواب میں پاکستان نے بلے بازی شروع کی تو معمولی انجری کا شکار حفیظ کی جگہ سرفراز احمد کپتان اظہر علی کے ساتھ اننگ کا آغاز کرنے پہنچے۔

دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 46 رنز کا بہتر آغاز فراہم کیا لیکن سرفراز 22 رنز بنانے کے بعد سوئپ کھیلنے کی ناکام کوشش میں ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ محمد حفیظ بھی زیادہ دیر کپتان کا ساتھ نہ نبھا سکے اور 15 رنز بنا سکے۔

پاکستان نے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کرتے ہوئے اسد شفیق کو چوتھے نمبر پر بھیجا جنہوں نے اظہر کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 85 رنز کی اہم شراکت قائم کی لیکن ایک بار پھر بڑی کھیلنے میں ناکام رہے اور 38 رنز پر وکٹ دے بیٹھے۔

دوسرے اینڈ پر موجود اظہر نے شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی، وہ 102 رنز بنانے کے بعد پوائنٹ پر کیچ ہوئے۔

جب شعیب ملک وکٹ پر پہنچے تو پاکستان کو جیت کے لیے مزید 60 رنز درکار تھے اور انہوں نے حارث سہیل کے ساتھ مل کر باآسانی 48ویں اوور میں پاکستان کو ہدف تک رسائی دلا دی۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز بھی 2-0 سے اپنے نام کر لی ہے۔

اظہر علی کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیریز کا تیسرا آخری میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں