اسلام آباد: قومی احتساب بیورو بدھ(آج) ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ کو میگا کرپشن کیسوں کی جاری تحقیقات میں پیش رفت سے آگاہ کرے گا۔

نیب ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ نیب چیئرمین قمر زمان چوہدری کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے کرپشن کیسوں کی قسمت کا فیصلہ کرنے والے ایگزیکٹیو بورڈ کا کوئی اجلاس منعقد نہیں ہو سکا۔

میگا کرپشن کیسوں پر نیب تحقیقات کی پرفارمنس کا جائزہ لینے کیلئے سپریم کورٹ کا قائم کردہ اٹارنی جنرل آفس کے افسران پر مشتمل کمیشن بھی اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔

عموماً ہر ہفتے نیب کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوتا ہے لیکن چیئرمین زمان چوہدری کی عدم موجودگی کی وجہ سے 7 اگست کے بعد کوئی اجلاس نہیں ہو سکا۔

بیورو کے ترجمان نوازش علی عاصم نے دعوی کیا کہ چیئرمین ایک ہفتہ کے سرکاری دورے پر آسٹریا گئے ہیں۔ امید ہے کہ وہ 12 ستمبر وطن واپس لوٹیں گے۔

یاد رہے کہ میگا سکینڈلز کی تحقیقات کے بجائے ادارے کے وسائل اور توانائی معمولی معاملات پر ضائع کرنے کی وجہ سے سپریم کورٹ نے یکم جولائی کو قمر زمان کی سرزنش کی تھی۔

سپریم کورٹ نے نیب کو 150 میگا سکینڈلز اور مسلم کمرشل بینک کی نج کاری کی مکمل تفصیلات ایک ہفتے کے اندر اندرجمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں