پالتو کتا گھریلو تشدد کے مقدمے سے بری

08 اکتوبر 2015
۔ — تصویر بشکریہ ہندوستان ٹائمز
۔ — تصویر بشکریہ ہندوستان ٹائمز

دہلی کی ایک عدالت نے سابق وزیر قانون سومناتھ بھارتی کے خلاف گھریلو تشدد کے مقدمے میں ان کے پالتو کتے ‘ڈان’ پر الزامات رد کر دیے۔

سومناتھ کی بیوی لپیکا نے دہلی کی ایک عدالت میں اپنے شوہر پر گھریلو تشدد کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈان اپنے مالک کے کہنے پر انہیں کاٹتا تھا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق، سماعت کے دوران پولیس رپورٹ کا حوالہ دیا گیا جس کے مطابق ڈان نے اپنے مالک سومناتھ کے احکامات ماننے سے انکار کر دیا۔

اس پر عدالت نے بدھ کو ڈان کے خلاف الزامات رد کرتے ہوئے سومناتھ کی ضمانت بھی منظور کر لی۔

الزامات کی تحقیقات کے دوران سومناتھ اور ڈان کے ‘لاپتہ’ ہونے پر میڈیا میں بھرپور قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔

بعد ازاں معلوم ہوا کہ سومناتھ نامعلوم مقام پر منتقل ہونے سے قبل ڈان کو دہلی میں واقع اپنے دفتر میں چھوڑ گئے تھے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے ضمانت دینے سے انکار پر سومناتھ نے دو ہفتے بعد خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے سومناتھ کے پڑوسیوں سے گفتگو کی، جنہوں نے بتایا کہ ڈان ایک بے ضرر کتا ہے۔

سومناتھ کے دفتر میں ڈان کو پکڑنے کے بعد پولیس حکام کو معلوم ہوا کہ ڈان کو دل کا عارضہ ہے اور اس کی دوائیاں دفتر کی ایک الماری میں بند ہیں۔

لپیکا کا مزید کہنا تھا کہ سومناتھ ان کے ساتھ ساتھ ڈان سے بھی خراب رویہ رکھتے تھے۔

بشکریہ بی بی سی

تبصرے (0) بند ہیں