دبئی: سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کی فتح

اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2015
عادل راشد کی وکٹ لینے کے بعد پاکستانی ٹیم فتح کا جشن منا رہی ہے۔ فوٹو رائٹرز
عادل راشد کی وکٹ لینے کے بعد پاکستانی ٹیم فتح کا جشن منا رہی ہے۔ فوٹو رائٹرز

دبئی: پاکستان نے عادل راشد کی شاندار کارکردگی کے باوجود انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 178 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے.

دبئی میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن انگلینڈ نے 130 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگ دوبارہ شروع کی تو جو روٹ اور جونی بیئراسٹو وکٹ پر موجود تھے.

دونوں کھلاڑیوں نے اپنی شراکت کو بڑھاتے ہوئے ٹیم کے 150 رنز مکمل کرائے تاہم اس سے قبل کہ یہ شراکت پاکستانی ٹیم کیلئے مزید خطرناک ثابت ہوتی، ذوالفقار بابر نے 71 رنز بنانے والے روٹ کو یونس خان کی مدد سے قابو کر لیا.

`

Winning Moments - Just 6 overs Before Rashid played loose Shot :P

Posted by Just Cricket on Monday, October 26, 2015
`

بیئراسٹو سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہو سکی اور وہ بھی مجموعی اسکور میں چھ رنز کے اضافے سے پویلین لوٹ گئے.

جوز بٹلر کا بھی وکٹ پر قیام محض سات رنز تک محدود رہا اور اننگ میں یاسر شاہ کی تیسری وکٹ بنے جبکہ بین اسٹوکس 13 رنز بنانے کے بعد عمران خان کا شکار بنے.

اس کے بعد اختتامی بلے بازوں نے پاکستان کیلئے ایک آسان فتح کو ڈراؤنے خواب میں بدل دیا.

اسٹورٹ براڈ نے عادل راشد کے ساتھ مل کر بہترین مزاحمت دکھائی اور دونوں کھلاڑیوں نے 60 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستانی کپتان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی.

وہاب ریاض نے اسٹورٹ کی وکٹیں بکھیر کر پاکستان کو آٹھویں کامیابی دلائی لیکن مارک وُڈ پاکستان کی توقعات کے برعکس ترنوالہ ثابت نہ ہوئے.

انہوں نے عادل راشد کے ساتھ مل کر تحمل کے ساتھ زیادہ سے زیادہ اوورز کھیلتے ہوئے میچ ڈرا کرنے کی حکمت عملی بنائی.

دونوں کھلاڑیوں نے مشکل مرحلے پر تقریبا 30 اوورز تک پاکستانی باؤلنگ کا سامنا کیا لیکن ایک ایسے موقع پر جب میچ ختم ہونے میں محض 12 اوورز باقی تھے، ذوالفقار بابر نے محمد حفیظ کے شاندار کیچ کی بدولت پاکستان کو میچ میں فتح کے نزدیک پہنچا دیا.

عادل راشد ایک بار پھر پاکستان اور فتح کے بیچ آ کھڑے ہوئے تاہم مسلسل تحمل کے ساتھ بلے بازی کرنے والے عادل یاسر شاہ کی ایک گیند کو کھیلنے کی غلطی کر بیٹھے جو سیدھا ذوالفقار کے ہاتھوں میں محفوظ ہو گئی جس کے ساتھ ہی پاکستان نے 178 رنز سے فتح اپنے نام کر لی.

عادل راشد نے 61 رنز کی شاندار اننگ کھیلی لیکن اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے.

یاسر شاہ نے دوسری اننگ میں چار وکٹوں سمیت میچ میں آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

وہاب ویاض کو پہلی اننگ میں شاندار اسپیل کرانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے.

واضح رہے کہ ابوظہبی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرامائی انداز میں ڈرا پر منتج ہوا تھا.

تبصرے (3) بند ہیں

Ashian Ali Oct 26, 2015 06:17pm
بی بی سی سائٹ پر صفحات دبئی ٹیسٹ: پاکستان نے انگلینڈ کو 178 رنز سے ہرا دیا
Israr Muhammad Khan Yousafzai of Shewa Oct 26, 2015 11:01pm
پاکستانی کرکٹ ٹیم کو فتح مبارک ھو انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن کھیل کو برابر نہ کرسکے اس ٹسٹ میچ میں پاکستانی باؤلرز نے کمال کی باؤلنگ کی مصباح الحق کی کپتانی بھی شاندار رہی دوسری اننگز میں انہوں نے ابتداء ہی جارحانہ حکمت عملی سے کام لیا ریاض نے بے جان وکٹ پر شاندار باؤلنگ کی لیکن اصل فرق یاسر شاہ رہے انگریز بیٹسمین انکی باؤلنگ سمجھنے میں ناکام رھے لیکن اس کے باوجود انگلینڈ کی ٹیم نے بہت سخت مزاحمت کی اور کھیل کو اخر تک لانے میں کامیاب رہے پاکستان کو سیریز جیتنے کیلئے کافی محنت کرنی ھوگی یہ وہ ٹیم نہیں جسکو اسانی سے ہرایا جاسکتا ھو
obead Oct 26, 2015 11:23pm
پاک ٹیم کو مبارک