افغان صدر پاکستان سے تعلقات میں بہتری کیلئے پرامید

01 دسمبر 2015
افغان صدر اشرف غنی—اے پی فائل فوٹو۔
افغان صدر اشرف غنی—اے پی فائل فوٹو۔

پیرس: افغان صدر اشرف غنی نے فرانسیسی ٹیلی ویژن اسٹیشن سے بات چیت کے دوران آئندہ چند ماہ میں پاکستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی امید کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ پاکستان کی جانب سے آئندہ ہفتے کے دورے کی دعوت کے بارے میں غور کررہے ہیں جبکہ پاکستان طالبان کے ساتھ مذاکرات کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔

فرانس 24 ٹیلی ویژن کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی تمام تر توجہ تمام فریقوں کو ایک مدعے پر لانے کی ہے تاکہ سردیوں کے اختتام تک مسائل کا کوئی حل ڈھونڈ لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بروکر کا کام کرسکتا ہے تاہم اسے بھروسہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ جولائی میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا پاکستان میں آغاز ہوا تھا تاہم طالبان کے امیر ملاعمر کی ہلاکت کے اعلان کے بعد مذاکرات کا دوسرا دور ملتوی کردیا گیا۔

ابھی تک یہ بھی واضح نہیں ہے کہ طالبان اس طرح کے مذاکرات میں کتنی دلچسپی ظاہر کریں گے بالخصوص قندوز پر قبضہ کرنے کے بعد جو گزشتہ 14 سال کے دوران طالبان کی سب سے بڑی کامیابی تصور کی جارہی ہے۔

تاہم غنی کا کہنا ہے کہ طالبان کے اندر موجود کچھ عناصر شاید ابھی بھی مذاکرات کے لیے رضامند ہوسکتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں