'ہمیں تکلیف دینے والوں کو بھی درد ہونا چاہیئے'

11 جنوری 2016
ہندوستانی وزیردفاع منوہر پریکر۔ —. فائل فوٹو رائٹرز
ہندوستانی وزیردفاع منوہر پریکر۔ —. فائل فوٹو رائٹرز

نئی دہلی: پٹھان کوٹ حملے کے چند روز بعد ہندوستانی وزیر دفاع منوہر پریکر نے کہا ہے کہ جب تک ہندوستان کو نقصان پہنچانے والوں کو ایسی سرگرمیوں پر تکلیف نہیں پہنچائی جاتی، پٹھان کوٹ جیسے حملے جاری رہیں گے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق پیر کو نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'یہ میری رائے ہے اسے حکومت کا نظریہ نہ سمجھا جائے، میرا ہمیشہ سے یہ خیال رہا ہے کہ اگر کوئی آپ کو تکلیف پہنچاتا ہے تو خود بھی وہ ایسی ہی زبان سمجھتا ہے۔'

مزید پڑھیں: پٹھان کوٹ حملے پر ہندوستان سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی

انہوں نے کہا کہ کب، کہاں اور کیا کرنا چاہیے اب یہ فیصلہ آپ کو کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ انفرادی شخص یا تنظیم کے الفاظ جان بوجھ کر استعمال کررہے ہیں، انہیں بھی ایسی سرگرمیوں پر نقصان پہنچانا چاہیے۔

بعدازاں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ 'تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ جو آپ کو نقصان پہنچاتے ہیں، اگر آپ اس بات کا احساس نہ کرپائیں تو وہ تبدیل نہیں ہوتے۔'

یہ بھی پڑھیں: ’پٹھان کوٹ حملہ مذاکرات کو ڈی ریل کرنے کی سازش‘

انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی اصول یہ ہے کہ جو بھی آپ کو تکلیف دے پھر چاہیں وہ جو بھی ہو، جب تک آپ اسے تکلیف نہیں دیتے اس طرح کے واقعات کم نہیں ہوں گے۔'

ہندوستانی وزیر دفاع نے کہا کہ 'میں یہ کہتا ہوں کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہمارے فوجیوں کو بتایا جائے کہ اپنے ملک کے لیے جان قربان کرنے کے بجائے دشمن کی جان لینے کے بارے میں سوچیں اور یہ ایک بہت اہم پہلو ہے۔'

خیال رہے کہ منوہر پریکر کے یہ بیانات ایک ایسے موقع پر سامنے آئے ہیں جب انڈیا نے کہا کہ وہ پٹھان کوٹ حملے میں فراہم کردہ معلومات پر پاکستانی ردعمل کا منتظر ہے، اور وہ ردعمل سامنے آنے کے بعد ہی رواں مہینے شیڈول باہمی مذاکرات کی بحالی پر فیصلہ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مودی کا پٹھان کوٹ ایئربیس کا دورہ

حملے کے بعد نریندر مودی نے وزیر اعظم نواز شریف نے ٹیلی فونک بات چیت کے دوران اس بات پر زور دیا تھا کہ پاکستان ایسے ’افراد اور تنظیموں‘ کے خلاف فیصلہ کن اور فوری کارروائی کرے جن کو ہندوستان کی جانب سے مبنیہ طور پر حملوں کا ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے۔

ہندوستان کی جانب سے یہ الزام لگایا گیا ہے کہ حملے میں کالعدم جیش محمد ملوث ہے۔

پاکستانی سرحد کے قریب پٹھان کوٹ حملے میں سات سیکیورٹی اہلکار اور تمام حملہ آور مارے گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں