بوپارہ کی بیٹنگ رائیگاں، پشاور کی تیسری فتح

اپ ڈیٹ 12 فروری 2016
پشاور زلمی کی ٹیم میچ میں فتح کا جشن ناتے ہوئے۔ تصویر بشکریہ پی ایس ایل
پشاور زلمی کی ٹیم میچ میں فتح کا جشن ناتے ہوئے۔ تصویر بشکریہ پی ایس ایل

شارجہ: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل ) میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو تین رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں تیسری فتح حاصل کر لی.

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 10ویں میچ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان میچ میں زلمی کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر سازگار وکٹ پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا.

پشاور کی جانب سے محمد حفیظ اور تمیم اقبال نے 9 کی اوسط سے 10 اوورز میں 93 رنز بنا کر کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کیا.

محمد حفیظ 35 گیندوں پر 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل بیٹنگ کے لیے آئے اور انھوں نے اسی رفتار کوجاری رکھا، لیکن تمیم ان کا زیادہ ساتھ نہیں دے سکے اور 108 رنز پر 37 رنز بنا کر بوپارا کا شکار ہوئے.

کامران اکمل آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے جو 143 کے اسکور پر 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں 2 چوکے اور دوچھکے شامل تھے.

شاہد آفریدی اس وقت خوش قسمت ثابت ہوئے جب 6 رنز پر سہیل تنویر کی گیند پراونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ ہونے کے باوجود آؤٹ ہونے سے بچ گئے، انھیں تھرڈ امپائر نے ناٹ آؤٹ قرار دیا. لیکن اسی اوور میں دوسرے بلے باز ڈیوڈ مالان 12 رنز بنا کر عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ ہوئے.

آفریدی 17 اور ڈیرن سیمی 18 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، آفریدی کی اننگز میں ایک چوکا اورایک چھکا شامل تھا جبکہ سیمی نے ایک چوکا اور دو چھکے رسید کئے.

پشاورزلمی نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹیں گنوائیں اور کراچی کنگز کو جیت کےلیے 183 رنز کا ہدف دے دیا.

کراچی کنگز کی جانب سے روی بوپارا نے 2، محمد عامر اور سہیل تنویر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی.

کراچی نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اسے شروع سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور تمام بلے باز غیر ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹیں گنواتے ہوئے وکٹیں گنواتے رہے خصوصا عماد وسیم نے جس انداز میں وکٹ گنوائی اس پر وہ یقینآ سزا کے مستحق تھے.

کراچی کنگز کی ٹیم 48 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا کر تقریبا میچ سے باہر ہو گئی تھی تاہم اس موقع پر جیمز ونس اور روی بوپارہ نے 61 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی میچ میں واپسی کے کچھ آثار پیدا کیے.

ونس 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو روی بوپارہ نے سہیل تنویر کے ساتھ اپنی ٹیم کی ناؤ پار لگانے کا بیڑا اٹھایا.

دونوں نے 61 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں فتح کے انتہائی قریب پہنچا دیا.

جب تنویر 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کراچی کو میچ میں فتح کیلئے چھ گیندوں پر 13 رنز بنائے تھے اور بوپارہ نے آخری اوور کی پہلی دو گیندوں پر آٹھ رنز بنا کر اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی لیکن اگلی ہی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش وہ وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 67 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی.

ڈیرن نے سیمی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے کراچی کو ہدف کے حصول تک رسائی سے باز رکھا اور اپنی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے میں تین رنز سے فتح دلا دی.

قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان شعیب ملک نے کہا کہ وہ پشاور زلمی کو 150 رنز تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے.

میچ کیلئے دونوں ٹیموں نے ایک ایک تبدیلی کی ہے جہاں پشاور نے جنید خان کی جگہ عامر یامین جب کہ کراچی نے افتخار احمد کی جگہ نعمان انور کو موقع دیا ہے.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں