اہل سنت والجماعت کے رہنما اورنگزیب فاروقی رہا

اپ ڈیٹ 15 مارچ 2016
اہل سنت والجماعت (اے ایس ڈبلیو جے) کے مرکزی صدر اورنگزیب فاروقی—۔ فوٹو بشکریہ/ ٹوئٹر
اہل سنت والجماعت (اے ایس ڈبلیو جے) کے مرکزی صدر اورنگزیب فاروقی—۔ فوٹو بشکریہ/ ٹوئٹر

راولپنڈی: انسدادِ دہشت گردی عدالت سے ضمانت منظور ہونے کے بعد اہل سنت و الجماعت ( اے ایس ڈبلیو جے) کے رہنما اورنگزیب فاروقی کو پیر اور منگل کی درمیانی شب اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ میں پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اورنگزیب فاروقی کو 6 جون 2015 کو نفرت انگیز تقریر کرنے کے الزام میں ٹیکسلا سے گرفتار کیا گیا تھا.

مزید پڑھیں:اہل سنت والجماعت کے مرکزی رہنما ٹیکسلا سے گرفتار

اہل سنت والجماعت کے رہنما کی ضمانت انسداد دہشت گردی عدالت نمبر 1 نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے اور 2 شخصی ضامنوں کی بنیاد پر منظور کی.

مولانا اورنگزیب فاروقی کی گرفتاری کے وقت اے ایس ڈبلیو جے کے جنرل سیکریٹری علامہ تاج محمد حنفی نے ڈان سے گفتگو میں بتایا تھا کہ انھیں اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اپنے خاندان کے ساتھ ایک ذاتی ٹرپ پر سفر کررہے تھے۔

انھوں نے مزید بتایا تھا کہ پارٹی کے مرکزی صدر مولانا اورنگزیب فاروقی نے گرفتاری سے ایک دن قبل مری میں ایک ریلی میں شرکت کی تھی جس کے بعد ان کے خلاف راولپنڈی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا.

مولانا اورنگزیب فاروقی کی گرفتاری کے بعد جڑواں شہروں راولپنڈی۔اسلام آباد میں احتجاج بھی کیا گیا تھا.

یہ بھی پڑھیں:مولانا اورنگزیب فاروقی پر قاتلانہ حملہ

یاد رہے کہ گذشتہ برس فروری میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے کراچی کے علاقے قائدآباد پل پر مولانا اورنگزیب فاروقی کو نشانہ بنایا گیا تھا، اس حملے میں اے ایس ڈبلیو جے رہنما تو بال بال بچ گئے تھے تاہم ان کے 3 گارڈز زخمی ہوئے تھے۔

اس سے قبل 25 دسمبر 2012 کو مولانا اورنگزیب فاروقی پر ہونے والے قاتلانہ حملے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جن میں ان کا ذاتی محافظ اور ڈرائیور بھی شامل تھا جبکہ مولانا اورنگزیب فاروقی کو بھی گولیاں لگی تھیں۔

واضح رہے کہ کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ پاکستان (ایس ایس پی) سے تشکیل پانے والی تنظیم اہل سنت والجماعت پر فروری 2012 میں پابندی لگا دی گئی تھی۔

تاہم پابندی کے باوجود ملک میں اے ایس ڈبلیو جے کی سرگرمیاں جاری ہیں اور یہ تنظیم وقتاً فوقتاً مختلف شہروں میں مذہبی کانفرنسز اور اجتماعات منعقد کرتی رہتی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں