• KHI: Clear 24.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.8°C
  • ISB: Cloudy 14.4°C
  • KHI: Clear 24.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.8°C
  • ISB: Cloudy 14.4°C

پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی تحلیل کردی

شائع April 4, 2016 اپ ڈیٹ March 26, 2019

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی ناقص کارکردگی پر کپتان شاہد آفریدی اور ہیڈ کوچ وقاریونس کی جانب سے اپنے عہدوں سے مستعفی ہونے کے فوری بعد سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کرتے ہوئے ٹیم کے قلیل اور طویل مدتی فیصلوں کا اعلان کردیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی شکستوں کی وجوہات جاننے کے لیے بنائی گئی خصوصی کمیٹی کی سفارشات پر چیئرمین بورڈ نے قومی سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کرنے اور کپتان کی تبدیلی جبکہ بورڈ کی جانب سے فوری اور طویل مدتی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا۔

خصوصی کمیٹی کی سفارش پر پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کو فوری طور پر تحلیل کردیا گیا ہے جبکہ نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان جلد ہی کیا جائےگا۔

پی سی بی کی خصوصی کمیٹی نے شاہد آفریدی کی جگہ فوری طورپر ٹی ٹوئنٹی کے لیے نئے کپتان کی سفارش کی ہے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:شاہد آفریدی قومی ٹیم کی قیادت سے دستبردار

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقاریونس پہلے ہی اپنے عہدے سے مستعفی ہوچکے ہیں جن کی جگہ نئے کوچ کی تلاش کے لیے پی سی بی نے سابق کپتان وسیم اکرم اور رمیز راجا پر مشتمل پینل تشکیل دیا ہے جو وقار کی جگہ نئے کوچ کی تعیناتی کے لیے معاونت کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس مستعفی

پاکستان کرکٹ ٹیم جولائی میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی جس کے لیے ٹریننگ کیمپ کا انعقاد پاکستان آرمی کی معاونت سے ایبٹ آباد میں کیا جائے گا۔

پی سی بی نے نئے ترجمان کی تقرری کا اعلان کیا ہے جو باقاعدہ بنیادوں پر تمام مسائل پر میڈیا کو آگاہ کرے گا۔

ٹیم میں منتخب کھلاڑیوں کو اپنی فٹنس بہتر بنانے کے لیے سختی کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے اور مقررہ معیار کو حاصل کرنے میں ناکام رہنے والے کھلاڑی پر جرمانہ عائد کیا جائے گا جبکہ فٹنس حاصل کرنے کی شرط کھلاڑیوں کے معاہدوں میں رکھی جائے گی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Imran Apr 05, 2016 07:08pm
اب کس بات کی تحلیل ۔ جب پلے کچھ نہیں رہا۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025