عراق میں 3 کار بم دھماکے، 88 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 11 مئ 2016
بغداد میں بیوٹی سلون کے قریب کھڑی گاڑی میں دھماکا ہوا — فوٹو : اے پی
بغداد میں بیوٹی سلون کے قریب کھڑی گاڑی میں دھماکا ہوا — فوٹو : اے پی

بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد میں 3 کار بم دھماکوں میں خواتین سمیت 88 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ نے عراقی پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلا دھماکا صدر سٹی کی مارکیٹ میں بیوٹی سلون کے قریب کھڑی گاڑی میں موجود دھماکا خیز مواد پھٹنے سے ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت لوگوں بالخصوص خواتین کی بڑی تعداد مارکیٹ میں موجود تھی، جس کے باعث ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین ہیں، جبکہ زخمیوں میں سے بھی کئی کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس حکام کے مطابق پہلے دھماکے میں 64 افراد ہلاک جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے عراقی پولیس حکام اور ہسپتال ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ بغداد میں دو مزید کار بم دھماکوں میں 24 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول لرلی ہے۔

— فوٹو : اے پی
— فوٹو : اے پی

ایک دہائی قبل روز دھماکوں کا نشانہ بننے والے بغداد میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہورہی ہے، لیکن اب بھی دہشت گردوں کی جانب سے عوامی مقامات اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

عراق میں داعش کے ابھرنے کے بعد وہاں سالوں سے جنگ اب فرقہ وارانہ لڑٓائی میں بدل چکی ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

امریکی اور عراقی فورسز کی جانب سے بھی داعش کے زیر قبضہ علاقوں کو چھڑانے کی کوششیں جاری ہیں، اور اب تک کئی علاقوں سے انہیں پیچھے دھکیلا جاچکا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں