کوہلی، ڈی ویلیئرز ایسے ہی جیسے میسی، رونالڈو ایک ٹیم میں'

اپ ڈیٹ 15 مئ 2016
ویرات کوہلی سنچری کی تکمیل کے بعد شائقین کی داد جواب دیتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی
ویرات کوہلی سنچری کی تکمیل کے بعد شائقین کی داد جواب دیتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی

انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں رائل چیلنجز بنگلور کی نمائندگی کرنے والے عالمی شہرت یافتہ بلے بازوں ویرات کوہلی اور اے بی ڈی ویلیئرز نے شاندار بیٹنگ کی بدولت کئی ریکارڈ توڑنے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

بنگلور میں چنا سوامی اسٹیڈیم میں رائل چیلنجز بنگلور اور گجرات لائنز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ویرات کوہلی اور اے بی ڈی ویلیئرز نے شاندار سنچریاں بنا کر اپنی ٹیم کو 248 رنز کے بڑے مجموعے تک رسائی دلائی۔

یہ آئی پی ایل کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ ایک اننگ کے دوران دو کھلاڑیوں نے سنچری اسکور کی ہو جبکہ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں بھی ایسا صرف ایک ہی بار ہوا ہے جب 2011 میں مڈل سیکس کے خلاف گولسٹر شائر کے ہمیش مارشل اور کیون اوبرائن نے تین ہندسوں کی اننگ کھیلی تھی۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 229 رنز کی شراکت قائم ہوئی جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی 13 سالہ تاریخ کی سب سے بڑی شراکت ہے جبکہ دلچسپ امر یہ کہ اس سے قبل 215 رنز کی شراکت بھی اسی جوڑی نے گزشتہ سال بنائی تھی۔

249 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گجرات کی ٹیم 104 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور یوں رائل چیلنجر بنگلور نے 144 رنز سے شکست دے کر سب سے زیادہ رنز سے کامیابی کا ایک نیا ریکارڈ بنایا۔

اس کے علاوہ بھی ان دونوں کھلاڑیوں نے اپنی شراکت کے دوران کئی ریکارڈ توڑ ڈالے جس پر انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے انہیں داد سے نوازتے ہوئے منفرد تبصرے کیے۔

آئی پی ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی میچ نہ کھیلنے والے گجرات کے کپتان سریش رائنا نے دونوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ میں کوئی میچ نہیں کھیل سکا لیکن آئی پی ایل کا ایک بہترین میچ دیکھا۔

جنوبی افریقی کھلاڑی ایلبی مورکل نے کہا کہ جو کچھ میں دیکھ رہا ہوں مجھے اس پر یقین نہیں آ رہا، یہ اگلی نسل کی کرکٹ ہے۔

انگلش بلے باز جوز بٹلر نے کہا کہ یہ ایسا ہی ہے جیسے لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو ایک ہی ٹیم میں ہوں۔

آسٹریلین اوپنر اور سن رائزرز حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ یہ دونوں دنیا کے سب سے بہترین بلے باز ہیں، کتنی مرتبہ ایک ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں دو کھلاڑیوں نے ایک ٹیم کیلئے کتنی سنچری بنائی ہے؟۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں