ناقص علاج کے باعث حفیظ کی انجری سنگین

اپ ڈیٹ 30 مئ 2016
محمد حفیظ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے دوران زخمی ہوئے تھے—فوٹو: اے ایف پی
محمد حفیظ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے دوران زخمی ہوئے تھے—فوٹو: اے ایف پی

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلےباز محمد حفیظ کے کراچی کے نجی اسپتال میں تازہ ایم آئی آر کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ان کے گھٹنے کی انجری میں بہتری نہیں آئی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے زخمی بلے باز محمد حفیظ گزشتہ ہفتے غیر ممطمئن میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد پیر کو اپنے گھٹنے کے علاج کے لیے کراچی پہنچے جہاں ان کا ایم آئی آر کیا گیا۔

سابق کپتان کو دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کے فٹنس کیمپ میں انجری کے باعث شامل نہیں کیا گیا تاہم دورے کے لیے 21 ممکنہ کھلاڑیوں میں انھیں منتخب کیا گیا ہے لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ وہ دورے میں ٹیم کے ساتھ ہوں گے یا نہیں۔

ذرائع کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈاکٹروں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد محمد حفیظ کا غیر معیاری علاج کیا جس کے بعد ان کی انجری کی نوعیت سنگین ہوگئی ہے۔

محمد حفیظ کو غیر معیاری علاج کے باعث برطانیہ کے کرسٹل پیلس فٹ بال کلب کے پاکستانی نژاد ڈاکٹر ظفر اقبال سے رابطہ کرنا پڑا جنھوں نے کراچی کے نجی اسپتال سے ایم آئی آر کرنے کی تجویز دی۔

سابق کپتان، لاہور واپسی پر ڈاکٹر ظفراقبال سے مشورہ کریں گے جو اس سے پہلے لیور پول فٹ بال کلب کے بھی ڈاکٹر رہ چکے ہیں۔

محمد حفیظ نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ' میں اپنی انجری سے مایوس نہیں ہوں اور بہت جلد ٹیم میں واپس آؤں گا، میری اپیل ہے کہ جلد واپسی کے لیے دعا کریں'۔

تجربہ کار بلے باز لندن میں موجود اسپورٹس اسپیشلسٹ ڈاکٹروں سے مشاورت کریں گے جبکہ بحالی کی ضرورت پڑی تو وہ بیرون ملک چلے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: حفیظ کی دورہ انگلینڈ میں شرکت مشکوک

محمدحفیظ دو ماہ قبل بنگلہ دیش میں منعقدہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے تاہم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں وہ ٹیم کے ہمراہ ہندوستان گئے تھے جہاں وہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف گروپ میچوں میں کھیل نہیں پائے تھے۔

دوسری جانب دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کا باقاعدہ آغازہوگیا ہے اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سات روزہ اسکلز کیمپ میں ٹیسٹ سیریز کے ممکنہ کھلاڑیوں کونیٹ پریکٹس کرائی جارہی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں