تہران: کیا حقیقی زندگی میں آپ کا ہرکولیس جیسے دیوقامت اور قوی جسامت کے حامل شخص سے سامنا ہوا ہے؟ اگر نہیں تو ملیے ایران سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ سجاد غریبی سے۔

ویب سائٹ آڈیٹی سینٹرل کی رپورٹ کے مطابق سجاد غریب تن ساز ہیں جنہوں نے سخت محنت سے اپنے جسم کو اتنا طاقتور و توانا بنالیا ہے کہ انہیں دیکھ کر کوئی بھی ان سے الجھنے کی غلطی کرنے کی سوچ بھی نہیں سکتا۔

سجاد کا وزن 345 پائونڈ (156 کلو گرام) ہے اور وہ اپنے سے زیادہ 386 پائونڈ (175 کلو گرام) تک وزن باآسانی اٹھاسکتے ہیں۔

ڈرنے کی ضرورت نہیں، جو لوگ سجاد کو جانتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ پہاڑ جیسے اس انسان کے سینے میں موم جیسا دل ہے اور وہ نہایت خوش مزاج اور دل کا بڑا ہے۔

ان کے تنے ہوئے جسم کو دیکھ کر کوئی انہیں ہرکولیس کہتا ہے تو کوئی HulK، سجاد کی کثرت کرتے ہوئے اور دیگر انداز میں کھینچوائی ہوئی تصاویر ان دنوں سوشل میڈیا پر چھائی ہوئی ہیں۔

انسٹا گرام میں سجاد کے فالوورز کی تعداد 67 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جو سجاد کی تصویریں دیکھ کر حیرت کے سمندر میں ڈبکیاں لگائے بغیر نہیں رہ سکتے۔

لوگوں نے تصاویر پر 'فارس کا ہرکولیس' اور ایرانی ہلک جیسے تبصرے لکھے ہیں۔

سجاد کے ہاتھ میں سافٹ ڈرنگ کا کین تو اور بھی چھوٹا محسوس ہوتا ہے، وہ باڈٰی بلڈنگ کے شوقین ہیں اور کئی مقابلوں میں اپنے ملک کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔

ان کا جسم دنیا کے دیگر بہترین تن سازوں کی طرح خوبصورت تو نہیں ہے لیکن جہاں تک طاقت کی بات ہے تو سجاد ان سب سے کہیں آگے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں