عالمی نمبر ایک بننا ہماری منزل نہیں، مصباح

اپ ڈیٹ 22 اگست 2016
مصباح کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے ٹیسٹ کی نمبرون ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا—فوٹو: رائٹرز
مصباح کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے ٹیسٹ کی نمبرون ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا—فوٹو: رائٹرز

دبئی: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد مسرت کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی کی روایتی درجہ بندی میں سرفہرست آنے سے بڑی خوشی کچھ اور نہیں ہوسکتی۔

آئی سی سی کے مطابق مصباح الحق نے پاکستان ٹیم کی ٹیسٹ درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر کہا کہ ایک کرکٹر اسی کے لیے کھیلتا ہے اور اپنے کیریئر میں ایسی کامیابی حاصل کرنا چاہتا ہے۔

پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ 'درجہ بندی میں نمبر ایک بنناچند سال پہلے ایک گروپ کی حیثیت سے کی گئی منصوبہ بندی کا انعام اور اس کو حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کا ثمر ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ٹیبل پر سرفہرست آنا کسی بھی ٹیم اور کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ بخش ہوتاہے، جوقابل فخر بات ہے'۔

پاکستان نے مصباح الحق کی قیادت میں 2014 میں متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو 0-2 سے شکست دی تھی جبکہ سری لنکا کو ان کے ہوم گراؤنڈ میں سیریز میں شکست سے دوچار کیا تھا۔

مصباح نے آئی سی سی کی درجہ بندی میں ملنے والی کامیابی کا سہرا تمام کھلاڑیوں کو دیتے ہوئے کہا کہ 'میں کھلاڑیوں، انتظامیہ اور ہمارے وفادارمداحوں جو ہمارے ساتھ رہے، اچھے اور برے دنوں میں ٹیم کی حمایت کی، سمیت ان تمام لوگوں کا جو ٹیم سے منسلک رہے سب کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں'۔

انھوں نے کہا کہ 'درجہ بندی میں نمبرایک بننا ہماری منزل نہیں ہے لیکن یہ ہمارے سفر کا حصہ ہے، ہمارے طویل مدتی اہداف اور منصوبہ بندی میں مضبوط ٹیم اور اچھی کرکٹ کے ذریعے سرفہرست ٹیموں کے لیے مشکل حریف ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو ماضی کی طرح مقبول ٹیم بنانا شامل ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اگر ہم مستقل مزاجی سے ان اہداف کو حاصل کرسکے تو مجھے یقین ہے اس سے زیادہ تعریف ہوگی اور یہ خبر ثانوی حیثیت اختیار کرے گی'۔

تبصرے (0) بند ہیں