سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 کی پروڈکشن معطل

10 اکتوبر 2016
گلیکسی نوٹ 7 — فوٹو بشکریہ سام سنگ
گلیکسی نوٹ 7 — فوٹو بشکریہ سام سنگ

ایک مہینے پہلے بیٹری پھٹنے کے واقعات پر واپس طلب ہونے اور ان کے متبادل میں بھی خرابی سامنے آنے پر سام سنگ نے آخرکار گلیکسی نوٹ 7 اسمارٹ فون کی پروڈکشن معطل کردی ہے۔

یہ بات جنوبی کوریا کی ایک خبررساں ادارے نے سام سنگ سپلائر کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتائی۔

اس عہدیدار کے مطابق اس ڈیوائس کی پروڈکشن عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ جنوبی کوریا، امریکا اور چین کے صارفین کے تحفظ کے قوانین کے مطابق کیا گیا۔

سام سنگ نے 2 ستمبر کو گلیکسی نوٹ سیون کی فروخت روک کر دنیا بھر سے اس کا استاک طلب کرلیا تھا جس کی وجہ چارجنگ کے دوران اس کی لیتھیم اون بیٹریوں کے پھٹنے کے مختلف واقعات سامنے آنا تھا۔

ان تباہ شدہ فونز کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں اور اس اسمارٹ فون کی طلبی سام سنگ کے لیے دھچکا ثابت ہوئی جسے معیار اور تنوع کا آئیکون سمجھا جاتا ہے۔

چند روز قبل سام سنگ کی جانب سے نوٹ سیون کے تبدیل شدہ فونز فروخت کے لیے پیش کیے گئے مگر ان میں بھی وہی مسائل سامنے آئے۔

اتوار کو امریکا کی کمپنی اے ٹی اینڈ ٹی اور جرمنی کی ٹی موبائل نے اس فون کی فروخت روکنے کا اعلان کیا تھا۔

سام سنگ نے تاحال ابھی تک ان تبدیل شدہ فونز میں کسی مسئلے کی تصدیق نہیں کی ہے۔

گلیکسی نوٹ سیون میں آنے والے مسئلے سے آئی فون سیون اور سیون پلس کو فائدہ ہوا تھا جو اس کے بعد متعارف کرائے گئے تھے۔

اسی طرح اب گوگل کی نئی اسمارٹ فون سیریز پکسل کو بھی سام سنگ کے اس بھران سے فائدہ ہونے کا امکان ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں