مصباح، ویسٹ انڈیز ٹیم کی تنزلی پر افسردہ

25 اکتوبر 2016
مصباح کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیسٹ میں شکست دی—فائل/فوٹو: اے ایف پی
مصباح کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیسٹ میں شکست دی—فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ابوظہبی ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد ایک وقت میں کالی آندھی کے نام سے مشہور ویسٹ انڈیز ٹیم کے زوال پر افسردگی کا اظہار کیا۔

پاکستان نے ابوظہبی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں باآسانی 133 رنز سے کامیابی حاصل کر کے 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

ویسٹ انڈیز کی موجودہ ٹیم کی کارکردگی 1980 میں کلائیولائیڈ کی قیادت میں فتوحات حاصل کرنے والی ٹیم کی کارکردگی کے بالکل برعکس ہے، اس وقت ویسٹ انڈیز عالمی سطح پر ناقابل تسخیر ٹیم تھی جہاں جنوری 1982 سے دسمبر 1984 کے دوران 27 ٹیسٹ میچوں میں ناقابل شکست رہی تھی۔

مصباح الحق نے ابوظہبی میں ویسٹ انڈیز سے کامیابی کے بعد کہا کہ 'یہ مایوس کن ہے اور جب آپ عالمی سطح پر ان کی طاقت کو دیکھتے ہیں تو وہ ہمیشہ ایک فورس تھے لیکن اب وہ تنزلی کا شکار ہیں'۔

مزید پڑھیں: یاسر کی 10وکٹیں، ابوظہبی ٹیسٹ اور سیریز پاکستان کے نام

ان کا کہنا تھا کہ 'وہ ایک نوجوان ٹیم ہے جس میں چند کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں، وہ ایک اچھی ٹیم بنیں گے لیکن اس وقت وہ ناتجربہ کار ہیں'۔

'ہر کوئی ویسٹ انڈیز کو ماضی کی طرح مضبوط ٹیم دیکھنا چاہتا ہے لیکن ان کے تمام مداحوں کے لیے اس وقت بڑا مایوس کن پہلو ہے'۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو پاکستان کے خلاف رواں دورے میں پہلے ٹی ٹوئنٹی اور پھرایک روزہ سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب ٹسیٹ سیریز میں بھی وائٹ واش شکست درپیش ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی نمبرایک ٹیم

48 ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کرکے سابق کپتان عمران خان کی جانب سے سب سے زیادہ میچوں میں کپتانی کے ریکارڈ کو برابر کرنے والے مصباح اپنی ٹیم کی کارکردگی سے خوش دکھائی دیے۔

مصباح نے 23 فتوحات سمیٹی ہیں جبکہ عمران کے حصے میں 14 کامیابیاں آئی تھیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ'عمران خان کے ریکارڈ کو برابر کرنا خوشی کا معاملہ ہے لیکن میں اس لیے زیادہ خوش ہوں کہ ہمیں میچ میں کامیابی ملی ہے'۔

مصباح کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز پایا تھا تاہم ہندوستان نے اپنے ہوم گراؤنڈ میں نیوزی لینڈ کو وائٹ واش کرتے ہوئے بہت جلد یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

پاکستان اس وقت ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔

ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ 30 اکتوبر کو شارجہ میں شروع ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں