چین: دھماکے میں 14 افراد ہلاک، ملزمان گرفتار

26 اکتوبر 2016
چین میں دھماکے سے تباہ ہونے والی عمارتوں کا ملبہ ہٹایا جارہا ہے — فوٹو: رائٹرز
چین میں دھماکے سے تباہ ہونے والی عمارتوں کا ملبہ ہٹایا جارہا ہے — فوٹو: رائٹرز

بیجنگ: چین میں دھماکا خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 147 زخمی ہوگئے، پولیس نے واقعے میں ملوث 3 مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے چین کی سرکاری نیوز ایجنسی شن ہوا کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ دھماکا شمالی صوبے سہانشی کے علاقے شین من میں ہوا جس کے نتیجے میں 5 عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جبکہ دیگر 58 عمارتوں کو مکمل اور جزوی نقصان پہنچا۔

مزید پڑھیں: چین: تیان جن دھماکا، ہلاکتوں کی تعداد 104 ہوگئی

حکام نے مذکورہ واقعے پر آن لائن بات چیت پر پابندی لگادی ہے۔

واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ دھماکا غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیے گئے آتش گیر مواد کے پھٹنے سے ہوا ہے۔

سرکاری میڈیا کی رپورٹ میں نشر کی جانے والی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق واقعے میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 'ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے دھماکا خیز مواد کی غیر قانونی پیداور اور اسے ذخیرہ کرنے کا اعتراف کیا۔

مزید پڑھیں: چین: پولٹری فارم میں آتشزدگی سے 113 ہلاکتیں

دھماکے کے بعد سیکڑوں زخمیوں کو ریسکیو اہلکاروں نے ہسپتال منتقل کیا جہاں اب بھی 100 سے زائد زخمی زیر علاج ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال چین کے شمالی پورٹ تیان جن میں ایک کیمیکل کی ذخیرہ گاہ میں ہونے والے دھماکے کے باعث 165 افراد ہلاک ہوگئے تھے، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ کئی کلومیٹر تک اس کی آواز سنادی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں