چین: تیان جن دھماکا، ہلاکتوں کی تعداد 104 ہوگئی

16 اگست 2015
چین کے شہر تیان جن میں گذشتہ دنوں ہونے والے دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک سو چار ہوگئی ہے — فوٹو: اے پی
چین کے شہر تیان جن میں گذشتہ دنوں ہونے والے دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک سو چار ہوگئی ہے — فوٹو: اے پی

بیجنگ: چین کے شہر تیان جن کی کیمیکل کے گودام میں 3 روز قبل ہونے والے دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 104 ہوگئی ہے۔

امدای کاموں کے دوران متاثرہ علاقوں سے مزید لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ہسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد سات سو بائیس ہے جن میں سے اٹھاون کی حالت تشویشناک ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین کی سرکاری نیوز ایجنسی شن ہوا نے رپورٹ کیا ہے کہ گودام میں دھماکے بعد جاری امدای کارروائیوں کے دوران متعدد دھماکے بھی سنے گئے ہیں اور علاقے میں انتہائی زہریلا مادہ سوڈیم سائینائٹ کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا، جس کے باعث مقامی شہریوں کو نکال لیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: چین میں خوفناک دھماکا،44 ہلاک، 300 زخمی

چین کی سرکاری ایجنسی کے مطابق خطرناک سامان سٹوریج کی سہولت فراہم کرنے والے گودام پر لگنے والی طویل آگ پر قابو پالیا گیا ہے تاہم اس دوران ہونے والے متعدد دھماکوں کے بعد دھوئیں کے کالے بادل دیکھے گئے ہیں۔

مقامی شہریوں کو دھماکے کے مقام کے 3 کلو میٹر کے رقبے سے نکالنے کا فیصلہ حادثے کے 3 روز بعد کیا گیا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق سرکاری یقین دہانیوں کے باوجود کہ حادثے کے باعث ماحول میں انتہائی خطرناک زہریلا مادہ سوڈیم سائینائٹ نہیں پھیلا ہے، مقامی افراد نے نقل مکانی کی ہے۔

’مقامی افراد نے دھماکے کے بعد ہوا میں کیمیکل آلودگی پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر نکل مکانی کی ہے۔‘

یاد رہے کہ 3 روز قبل چین کے شہر تیان جن میں قائم ایک کیمیکلک گودام میں دھماکا ہوگیا تھا جس کے باعث درجنوں افراد ہلاک اور سینکٹروں زخمی ہوگئے تھے۔

دھماکے کے بعد گودام میں آگ لگ گئی تھی جس کو بجھانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کی گئی اور چین کی سرکاری ایجنسی کے مطابق 3 روز کے بعد اس پر قابو پالیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں