ڈی جی آئی ایس آئی نوید مختار کے بھارتی میڈیا میں چرچے

13 دسمبر 2016
ڈی جی آئی ایس آئی نوید مختار—۔فائل فوٹو/ اے پی
ڈی جی آئی ایس آئی نوید مختار—۔فائل فوٹو/ اے پی

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف منظم آپریشن میں اہم ترین کردار ادا کرنے والے سابق کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کے انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) بننے کے بعد بھارتی میڈیا میں ان کے چرچے ہیں۔

بھارتی میڈیا نے جنرل نوید مختار کی بحیثیت ڈی جی آئی ایس آئی تقرری کو پاک فوج میں 'اہم ترین تبدیلی' قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ پاک فوج کے نئے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کی طاقتور ترین خفیہ ایجنسی میں نئے سربراہ کی تقرری سے اپنی ٹیم بنانا شروع کردی۔

ہندوستانی میڈیا میں جنرل نوید مختار کی بحیثیت ڈی جی آئی ایس آئی تقرری کے اس لیے بھی چرچے ہیں کیوں کہ انھوں نے بطور کور کمانڈر کراچی ملک کے سب سے بڑے شہر اور ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے شہر کراچی میں ہونے والے آپریشن میں اہم ترین کردار ادا کیا۔

خیال رہے کہ کراچی میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف 2013 میں آپریشن شروع کیا گیا تھا، مگر اس آپریشن میں تیزی 2015 میں آئی۔

بطور کور کمانڈر کراچی جنرل نوید مختار نے آپریشن کو 'غیر سیاسی' اور 'بلا امتیاز' قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گرد، ان کے معاونین اور سہولت کار اس آپریشن کا ٹارگٹ ہیں اور ان اہداف کو حاصل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

پولیس اور رینجرز کی جانب سے کراچی میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کے پیچھے یقیناً جنرل نوید مختار کا بھی کردار ہے، جنرل نوید مختار نے کراچی آپریشن کے دوران رینجرز ہیڈ کوارٹرز کے کئی دورے کیے جن میں انہوں نے بلا تفریق کارروائیوں پر رینجرز کے کردار کو سراہا۔

جنرل نوید مختار کے دور میں نہ صرف شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی بلکہ ملک کے سب سے بڑے شہر میں انٹیلی جنس معلومات حاصل کرنے میں بھی بہتری دیکھی گئی، بطور کور کمانڈر نوید مختار نے صوبائی حکومت سے بھی آپریشن سے متعلق روابط رکھے اور کئی اجلاسوں میں شرکت کی۔

رینجرز اور پولیس کے مطابق کراچی آپریشن کے باعث شہر میں جرائم کی شرح میں 70 فیصد تک کمی آئی جب کہ دہشت گردی کے واقعات 60 اور ڈکیتی کی وارداتوں میں 65 فیصد کم ہوئی۔

سیکیورٹی اداروں کے مطابق ستمبر 2015 تک کراچی آپریشن کے دوران 913 دہشت گرد اور 550 ٹارگٹ کلرز گرفتار کیے گئے جبکہ 15 ہزار 400 غیرقانونی ہتھیار بھی برآمد کیے گئے۔

آپریشن کے دوران کراچی سے بھارتی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالاسز ونگ (را) کے لیے مبینہ طور پر کام کرنے والے ملزمان بھی گرفتار ہوئے تھے، جب کہ رواں برس بلوچستان سے بھی ایک ‘را‘ ایجنٹ گرفتار ہوا تھا، اس کے علاوہ اسلام آباد اور لاہور سے بھی بھارتی ایجنٹ گرفتار کیے گئے تھے۔

بطور کور کمانڈر کراچی نوید مختار کو متعدد بار کراچی آپریشن اور شہر سے گرفتار ملزمان سے متعلق بریفنگ دی گئی جب کہ نوید مختار نے کراچی میں’را‘ کی مداخلت سے متعلق سیکیورٹی اداروں کی رپورٹوں اور تحقیقات کا جائزہ بھی لیا ہوگا جس وجہ سے جنرل نوید مختار بھارتی میڈیا میں مقبول ہیں۔

کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں سے بھارتی خفیہ ایجنسی’را‘ کے ملزمان کی گرفتاری اور جنرل نوید مختار کے بطور کور کمانڈر، گرفتار دہشت گردوں اور ملزمان سے متعلق تفصیلات سے آگاہ رہنے کی وجہ سے بھارتی میڈیا میں جنرل نوید مختار کی بحیثیت ڈی جی آئی ایس آئی تقرری کے چرچے ہیں۔

سابق کور کمانڈر کراچی جنرل نوید مختار کے ڈی جی آئی ایس آئی تعینات ہونے کو جہاں بھارتی میڈیا نے بڑی تبدیلی قرار دیا ہے، وہیں نوید مختار کے تجربے اور قابلیت کی تعریف بھی کی ہے۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے جنرل نوید مختار کی تقرری کو پاکستانی فوج میں 'بڑی تبدیلی' قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی انٹیلی جنس شعبے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

این ڈی ٹی وی نے اپنی خبر میں لکھا کہ جنرل نوید مختار پاکستان کی سب سے اہم ترین خفیہ ایجنسی کے نئے سربراہ ہوں گے اور ڈی جی آئی ایس آئی کا عہدہ پاکستان کے اہم ترین عہدوں میں شمار کیا جاتا ہے، این ڈی ٹی وی نے اپنی خبر میں نوید مختار کی تعلیم اور بطور کور کمانڈر تقرری کا ذکر بھی کیا ہے۔

انڈین ایکسپریس نے جنرل نوید مختار کی تقرری کو فوج میں بڑی تبدیلی قرار دیتے ہوئے اپنی خبر میں لکھا کہ انٹیلی جنس شعبے میں وسیع تجربہ رکھنے والے نوید مختار ملک کی اہم ترین ایجنسی میں جنرل رضوان اختر کی جگہ لیں گے، اخبار کے مطابق نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنی ٹیم بنانا شروع کردی ہے۔

بھارتی اخبار دی ہندو نے جنرل نوید مختار کی تقرری کو فوج میں ہونے والی بڑی تبدیلیوں کا حصہ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ان کو انٹیلی جنس شعبے میں وسیع تجربے کی بنیاد پر ملک کی سے بڑی خفیہ ایجنسی کے اعلیٰ عہدے پر فائز کیا گیا۔

ہندستانی ٹی وی چینل ٹائمز ناؤ نے نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے حوالے سے اپنی خبر میں لکھا کہ جنرل نوید مختار کو سویلین اور عسکری قیادت کا اعتماد حاصل ہے، وہ دونوں قیادتوں میں تعلقات کی بہتری میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، ٹائمز ناؤ نے نوید مختار کی تقرری کو فوج میں بڑی تبدیلی قرار دیا۔

انڈیا ٹوڈے نے سادہ الفاظ میں اپنی خبر میں لکھا کہ نوید مختار پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے نئے ڈی جی ہوں گے، اس سے قبل وہ کور کمانڈر کراچی تعینات تھے۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بھارتی اخبارات نے افواج پاکستان میں ہونے والی تقرریوں کا ذکر کیا ہو، بھارتی میڈیا نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی تقرری پر بھی کئی طرح کے تبصرے کیے تھے، بھارتی اخبارات نے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے وسیع تجربات اور صلاحیتوں کا اعتراف بھی کیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان میں بھارتی ایجنسی‘را‘ کے ملزمان کی گرفتاری اور پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کی خفیہ ایجنسی کی مداخلت پر گزشتہ برس مئی میں پاکستانی فوج کے کور کمانڈر اجلاس کے بعد جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ بلوچستان کے ساتھ ساتھ فاٹا اور کراچی میں بھی دہشت گردی کی کارروائیوں میں 'را' کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں۔

رواں برس اکتوبر میں انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کی جانب سے بھی کہا گیا تھا کہ پاکستان کے اندر دہشت گردی میں بھارت کی خفیہ ایجنسی 'را' اور افغان انٹیلی جنس ایجنسی (این ڈی ایس) ملوث ہےاور گزشتہ 3 سال میں ان ایجنسیوں سے تعلق رکھنے والے 865 دہشت گردوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں