میلبرن میں پاکستان کی 6وکٹ سے فتح، سیریز برابر

اپ ڈیٹ 15 جنوری 2017
پاکستان کے قائم مقام کپتان محمد حفیظ نے 72 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے قائم مقام کپتان محمد حفیظ نے 72 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

میلبرن: محمد حفیظ اور شعیب ملک کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا کو دوسرے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹ سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

یہ پاکستان کی 12 سال بعد آسٹریلیا میں کسی بھی ایک روزہ میچ میں فتح ہے۔

میلبرن میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے ایک مرتبہ پھر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اوپنر عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے ٹیم کو 31 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر جنید خان نے وارنر اور عثمان دونوں کو یکے بعد دیگرے پویلین بھیج کر آسٹریلین بیٹنگ لائن کو دھچکا لگایا۔

ابھی آسٹریلین ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ محمد عامر نے مچل مارش کو گولڈن ڈک کی خفت سے دوچار کر کے پاکستان کو تیسری کامیابی دلائی۔

اس کے بعد ٹریوس ہیڈ اور اسٹیون نے 45 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور 86 تک پہنچایا لیکن حسن علی نے جارحانہ بیٹنگ کرنے والے ہیڈ کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

گلین میکس ویل گزشتہ میچ کی طرح اس میچ میں بھی اچھی فارم میں نظر آئے اور انہوں نے اسمتھ کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 42 رنز جوڑے لیکن عماد وسیم نے 23 کے انفرادی اسکور پر ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔

پانچ وکٹیں گرنے کے بعد پہلے میچ کے مرد میدان گلین میکس ویل کی وکٹ پر آمد ہوئی اور انہوں نے اپنی کارکردگی کو دہراتے ہوئے کپتان اسمتھ کے ساتھ عمدہ شراکت قائم کی۔

پاکستانی آل راؤنڈر عماد وسیم میتھیو ویڈ کی وکٹ لینے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
پاکستانی آل راؤنڈر عماد وسیم میتھیو ویڈ کی وکٹ لینے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کیلئے 65 رنز جوڑے لیکن عماد کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی ناکام کوشش میں اسمتھ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، اسمتھ نے 60 رنز بنائے۔

اگلے ہی اوور میں شعیب ملک کی گیند پر میتھیو ویڈ بھی اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے اور 35 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور جیمز فالکنر بھی زیادہ کچھ نہ کر سکے اور پوری ٹیم 220 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ جنید خان اور عماد وسیم نے دو دو وکٹیں لیں۔

پاکستان نے 221 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع تو پہلے ہی اوور میں سلپ میں کھڑے اسٹیون اسمتھ پاکستان کے قائم مقام کپتان محمد حفیظ کا کیچ پکڑنے میں ناکام رہے۔

اس موقع کا حفیظ نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور شرجیل کے ساتھ پہلی وکٹ کیلئے 68 رنز جوڑ کر ٹیم کو اچھی بنیاد فراہم کی، شرجیل 29 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

حفیظ نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے بابر اعظم کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے 72 رنز جوڑے، بابر اعظم اک غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے تھرڈ مین پر کھڑے فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 34 رنز بنائے۔

کچھ ہی دیر بعد جیمز فالکنر کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے میں ناکامی کی صورت میں حفیظ کو اپنی وکٹ گنوانی پڑی، انہوں نے 72 رنز بنائے۔

حفیظ کے رخصت ہونے کے بعد اسکور آگے بڑھانے کی ذمے داری شعیب لک نے اٹھائی اور اسد شفیق کے ساتھ مل کر مجموعے کو 195 تک پہنچا دیا، اسی اسکور پر اسد شفیق نے مچل اسٹارک کی گیند پر اپنی وکٹ تحفتاً پیش کی۔

اس کے بعد عمر اکمل اور شعیب ملک نے مزید کسی نقصان کے بغیر ہی پاکستان کو ہدف تک رسائی دلا کر چھ وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرادیا۔

شعیب ملک 42 اور عمر اکمل 18 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

محمد حفیظ کو عمدہ قیادت اور بہترین بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو نئے قائم مقام کپتان محمد حفیظ کی زیر قیادت پاکستان نے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں۔

پہلے ون ڈے میں ناکامی سےدوچار ہونے والی قومی ٹیم میں ان فٹ کپتان اظہر علی کی جگہ اسد شفیق کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

باؤلر وہاب ریاض کی جگہ جنید خان جبکہ محمد نواز کی جگہ شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

پاکستان کی ٹیم میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان، بابر اعظم، عمر اکمل، محمد رضوان، عماد وسیم، محمد عامر اور حسن علی شامل ہیں۔

میزبان ٹیم آسٹریلیا کی ٹیم میں بھی 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، پہلے ون ڈے میچ میں آرام کرنے والے جوش ہزلےووڈٹیم میں واپس آگئے ہیں، انہوں نے بلے اسٹین لیک کی جگہ لی۔

انجری کا شکار ہونے والے کرس لن کی جگہ عثمان خواجہ کو شامل کیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کی ٹیم کا حصہ بننے والے دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ اینڈریو وارنر، ٹریوس مائیکل ہیڈ، اسٹیو پیٹراسمتھ، گلین جیمز میکسویل،میتھیو اسکاٹ ویڈ، پیٹرک جیمز، کیومنز اور جیمز پیٹر فالکنر شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں آسٹریلیا کو برتری حاصل ہے، پہلی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 92 رنز سے شکست دی تھی۔

آسٹریلیا اور پاکستان کا درمیان تیسرا ون ڈے میچ 19 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں