نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے امتحانات کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق نیپرا نے کے الیکڑک سمیت تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو امتحانی سیشن کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کردی۔

نیپرا نے طلبہ کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کے الیکٹرک سمیت دیگر تمام تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایات جاری کی ہیں۔

نیپرا نے بجلی کمپنیوں کو لوڈشیڈنگ پر نظر ثانی کی ہدایت کی اور کہا کہ امتحانی پرچوں کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی برقرار رکھی جائے۔

نیپرا اعلامیے کے مطابق بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی ناکامی پر ریگولیٹری کارروائی ہوسکتی ہے۔

اعلامیے کے مطابق نیپرا کو امتحانی سیشنز کے دوران لوڈشیڈنگ کی شکایات ملی ہیں، جس سے طلباء کےلیے امتحانی پرچوں کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

نیپرا اعلامیے کے مطابق بجلی کمپنیاں اپنے صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کی پابند ہیں، کوئی بھی رکاوٹ طلبہ کی کارکردگی کو بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں