فیڈرر اور وینس آسٹریلین اوپن سیمی فائنل میں

اپ ڈیٹ 24 جنوری 2017
وینس ولیمز آسٹریلین اوپن 2017 کے کوارٹر فائنل میں فتح کے بعد حریف انستاسیہ پولوچنکووا سے ہاتھ ملا رہی ہیں— فوٹو: اے پی
وینس ولیمز آسٹریلین اوپن 2017 کے کوارٹر فائنل میں فتح کے بعد حریف انستاسیہ پولوچنکووا سے ہاتھ ملا رہی ہیں— فوٹو: اے پی

معروف ٹینس اسٹارز راجر فیڈرر اور وینس ولیمز آسٹریلین اوپن میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔

میلبرن میں کھیلے جا رہے سال کے پہلے گرینڈ سلیم ایونٹ میں خواتین کے کوارٹر فائنل میں 36 سالہ وینس نے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے عالمی نمبر 24 انستاسیہ پولوچنکووا کو سخت مقابلے بعد زیر کیا۔

روڈ لیور میں کھیلے گئے میچ میں پولوچنکووا نے ابتدائی طور پر امریکی اسٹار سے بہتر کھیل پیش کیا لیکن وہ اس سلسلے کو برقرار نہ رکھ سکیں اور وینس ولیمز کو میچ میں واپسی کا موقع فراہم کیا جس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

ایک گھنٹے اور 48 منٹ تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں وینس نے پہلا سیٹ 6-4 اور دوسرا 7-6 سے جیت کر آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی سب سے زائد العمر کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

یہ 14 سال بعد پہلا موقع ہے کہ وہ میلبرن میں ہونے والے ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہیں اور اس سے قبل 2003 میں وہ ایسا کرنے میں کامیاب ہوئی تھیں لیکن ان کی چھوٹی بہن سرینا نے فائنل میں انہیں شکست سے دوچار کیا تھا۔

سات مرتبہ کی گرینڈ سلیم چیمپیئن کا سیمی فائنل میں مقابلہ ہم وطن کوکو وینڈے ویگے سے ہو گا جنہوں نے سابق فرنچ اوپن چیمپیئن گیبرین موگوروزا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-4 اور 6-0 سے زیر کیا۔

فیڈرر کی پیش قدمی جاری

مردوں کے مقابلے میں 17 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن راجر فیڈرر نے میشا زویریو کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

روڈ لیور ارینا میں کھیلے گئے میچ میں عالمی شہرت یافتہ اسٹار نے پہلا سیٹ باآسانی 6-1 سے جیت کر اپنی برتری ثابت کی لیکن دوسرے سیٹ میں انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

17 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن راجر فیڈرر کوارٹر فائنل میں ریٹرن شاٹ کھیلتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی
17 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن راجر فیڈرر کوارٹر فائنل میں ریٹرن شاٹ کھیلتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی

تاہم چار مرتبہ کے آسٹریلین اوپن چیمپیئن نے فوراً اپنی غلطیوں پر قابو پاتے ہوئے 5-5 سے برابر دوسرے سیٹ میں واپسی کی اور مقابلہ دوسرا سیٹ 7-5 سے جیت لیا۔

اینڈی مرے کو ایونٹ کے چوتھے راؤنڈ میں اپ سیٹ شکست دینے والے زویریو کوارٹر فائنل میں بجھے بجھے سے نظر آئے اور 92 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں تیسرا سیٹ بھی 6-2 سے ہار گئے۔

راجر فیڈرر کا سیمی فائنل میں سامنا ہم وطن اسٹین واورنکا سے ہو گا جنہیں مرے اور نوواک جوکووچ کے ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں