شیاﺅمی کے ذیلی برانڈ ریڈمی نے اپنے 2 نئے فلیگ شپ فونز متعارف کرادیئے ہیں جن میں 120 ہرٹز ڈسپلے کے ساتھ 64 میگا پکسل کیمرے بیک پر دیئے گئے ہیں۔

ریڈمی کے 30 اور ریڈمی کے 30 فائیو جی ڈیزائن کے لحاظ سے ایک جیسے ہیں، مگر پراسیسر مختلف ہونے کے علاوہ ایک فرق 4 جی اور فائیو جی سپورٹ کا ہے۔

ان فونز کے بارے میں لیکس کافی عرصے سے سامنے آرہی تھیں اور اب انہیں چین میں متعارف کرایا گیا۔

ریڈمی کے 30 فائیو جی

ریڈمی کے 30 فائیو جی پہلا اسمارٹ فون ہے جس میں اسنیپ ڈراگون 765جی پراسیسر دیا گیا ہے جو اس ڈیوائس کو فائیو جی سپورٹ فراہم کرتا ہے۔

اس کے علاوہ اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے ایم آئی یو آئی 11 سے کم کیا ہے، 6 جی بی اور 8 جی بی ریم اور 64 جی بی، 128 جی بی اور 256 جی بی اسٹوریج کے آپشنزدیئے گئے ہیں۔

اس فون میں 6.67 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے 2400x1080 پکسل ریزولوشن کے ساتھ دیا گیا جبکہ پہلی بار اس کمپنی کے کسی فون میں 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کو متعارف کرایا گیا۔

اس فون کے فرنٹ پر پنچ ہول ڈیزائن میں ڈوئل سیلفی کیمرا سیٹ اپ دیا گیا ہے جس میں 20 میگا پکسل مین کیمرے کے ساتھ 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر موجود ہے۔

فوٹو بشکریہ ریڈمی
فوٹو بشکریہ ریڈمی

بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں 64 میگا پکسل مین کیمرا، 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا، 5 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر شامل ہیں۔

یہ اس کمپنی کا پہلا فون (درحقیقت دونوں فونز) ہے جس میں 64 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے جبکہ فنگرپرنٹ سنسر دائیں جانب پاور بٹن کا حصہ بنادیا گیا ہے۔

4500 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ 30 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔

ریڈمی کے 30

فوٹو بشکریہ ریڈمی
فوٹو بشکریہ ریڈمی

ریڈمی کے 30 (فور جی) کا ڈیزائن کے 30 فائیو جی جیسا ہی ہے مگر اس میں اسنیپ ڈراگون 730 جی پراسیسر دیا گیا ہے۔

اسی طرح فرنٹ پر ڈوئل کیمرا سیٹ اور بیک پر 4 کیمرے ہی موجود ہیں اور کے 30 فائیو جی جیسے ہی ہیں، بس بیک پر میکرو کیمرا 5 کی بجائے 2 میگا پکسل کا ہے، جبکہ 4500 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ 27 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔

باقی دونوں فونز کے فیچرز لگ بھگ ایک جیسے ہی ہیں۔

ریڈمی کے 30 کو 12 دسمبر جبکہ اس کے فائیو جی ورژن کو جنوری 2020 میں چین میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

ریڈمی 30 کے کا سکس جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا فون 1599 یوآن (35 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 1699 یوآن (37 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 1899 یوآن (41 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا فون 2199 یوآن (48 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

ریڈمی 30 کے فائیو جی کا سکس جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا فون 1999 یوآن (44 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 1699 یوآن (50 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 1899 یوآن (57 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا فون 2199 یوآن (63 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں