پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کے انعقاد کیلئے پی سی بی کا ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے رابطہ

اپ ڈیٹ 07 مئ 2021
تمام چھ فرنچائزوں نے کورونا وائرس کے پیش نظر لیگ کو متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کی درخواست کی تھی— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
تمام چھ فرنچائزوں نے کورونا وائرس کے پیش نظر لیگ کو متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کی درخواست کی تھی— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کی میزبانی کے لیے باضابطہ طور پر ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے رابطہ کر لیا ہے۔

ابتدائی طور پر ٹورنامنٹ کے تمام بقیہ میچز کراچی میں کرانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا لیکن لیگ کی تمام چھ فرنچائزز نے کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاطاً لیگ کو متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2021: متبادل کھلاڑیوں کے ڈرافٹ میں رسل، شکیب اور گپٹل کا انتخاب

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آج پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کے انعقاد کے حوالے سے پی سی بی اور فرنچائزز میں تبادلہ خیال ہوا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور چھ فرنچائز مالکان نے جمعہ کو ایک ورچوئل اجلاس میں شرکت کی جس میں شرکا نے لیگ کے انعقاد سے متعلق این سی او سی کی ہدایات کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا۔

اجلاس میں متفقہ طور پر یہ طے کیا گیا کہ لیگ کے بقیہ 20 میچز کے لیے پہلی ترجیح متحدہ عرب امارات ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کو 23 جون کو دورہ انگلینڈ پر روانہ ہونا ہے لہٰذا پی سی بی ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطہ کرکے ایونٹ کو منعقد کرنے پر تبادلہ خیال کرے گا اور کوشش یہی ہو گی کہ ایونٹس نئے مرتب کردہ شیڈول کے مطابق یکم جون سے شروع ہو جائے۔

یہ بھی طے پایا کہ عید کی تعطیلات کے دوران پی سی بی ٹورنامنٹ کے نئے شیڈول کی تیاری پر بھی کام کرے گا جبکہ اس دوران پی سی بی پلیئنگ اور ٹریننگ سہولیات، ہوٹل کی بکنگ، گراونڈ پہنچنے کے لیے ٹرانسپورٹ اور ویزوں کے حوالے سے بھی ای سی بی سے مکمل رابطے میں رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: فرنچائزز کا پی ایس ایل 2021 کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کا مطالبہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ممکنہ مالی اور دیگر خدشات کا جائزہ لینے کے بعد فرنچائز سے مشاورت کر کے وینیو سے متعلق کوئی بھی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ آج کا اجلاس بہت مفید رہا، ہم نے کئی پہلوؤں کا جائزہ لیا، اس دوران متحدہ عرب امارات کا وینیو پہلی ترجیح بن کر سامنے آیا ہے تاہم ہمیں اب بھی کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم پی ایس ایل 6 کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ تمام فرنچائزز نے پی سی بی کو ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کے لیے خط لکھا تھا اور پی سی بی نے اس تجویز کو اب قبول کر لیا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل سیزن 6: کہانی ایک پھٹے ہوئے بلبلے کی

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ایونٹ کے میچز اس مرتبہ ملک کے دو شہروں کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے تھے تاہم 4 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو 7 کھلاڑیوں اور دیگر میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کورونا وائرس کے باعث اس مرتبہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب بھی ریکارڈ پیش کی گئی تھی جبکہ تماشائیوں کی اجازت بھی ابتدا میں 20 فیصد تک تھی جسے بعد ازاں حالات کو دیکھتے ہوئے 50 فیصد تک کردیا گیا تھا۔

ایونٹ میں اب تک دفاعی چمپیئن کراچی کنگز بہترین رن ریٹ کی بنیاد پر 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جکہ 6،6 پوائنٹس کے ساتھ دیگر ٹیمیں پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

پی ایس ایل 2021 میں اب تک ناقص کارکردگی ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی رہی جنہوں نے صرف ایک، ایک کامیابی کے ساتھ صرف دو پوائنٹس حاصل کیے، رن ریٹ کی بنیاد پر ملتان سلطانز پانچویں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سب سے آخری نمبر پر موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کی ناکامی کی وجہ سے پی ایس ایل ملتوی ہوئی، نجم سیٹھی

اگر 20 فروری سے 3 مارچ تک کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے میچز کی بات کریں تو 14 میچز کھیلے جاچکے تھے جس میں کراچی کنگز کی ٹیمز 5 میچز میں سے 3 میں کامیابی حاصل کرکے بہتر رن ریٹ کی وجہ سے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست تھی۔

نئے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ایونٹ کا دوبارہ آغاز یکم جون سے ہونا تھا اور فائنل 20 جون کو کراچی میں کھیلا جانا تھا لیکن اب متحدہ عرب امارات منتقلی کو دیکھتے ہوئے ایونٹ کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں