پی ایس ایل 2021: متبادل کھلاڑیوں کے ڈرافٹ میں رسل، شکیب اور گپٹل کا انتخاب

اپ ڈیٹ 28 اپريل 2021
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کے لیے متبادل کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کا عمل مکمل ہو گیا ہے— تصاویر: اے ایف پی
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کے لیے متبادل کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کا عمل مکمل ہو گیا ہے— تصاویر: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچوں کے لیے متبادل کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کا عمل مکمل ہو گیا ہے اور آندرے رسل، مارٹن گپٹل اور شکیب الحسن سمیت متعدد اہم بین الاقوامی کھلاڑی لیگ کا حصہ بن گئے ہیں۔

رواں سال پاکستان سپر لیگ کو کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب ملتوی کردیا گیا تھا تاہم اب لیگ کے بقیہ میچز کے دوبارہ انعقاد کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز جون میں ہوں گے

لیگ کے بقیہ میچز کے لیے فرنچائزوں کو اہم کھلاڑیوں کی خدمات میسر نہیں ہوں گی کیونکہ وہ اپنی اپنی ٹیموں کے ساتھ مصروف ہوں گے۔

اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے متبادل کھلاڑیوں کے لیے ڈرافٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام فرنچائزوں نے دستیاب کھلاڑیوں کی فہرست سے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔

ڈرافٹ کے عمل میں سب سے زیادہ پانچ کھلاڑیوں کا انتخاب لاہور قلندرز نے کیا ہے جنہوں نے شکیب الحسن کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا کے جیمز فالکنر، جو برنز، کلم فرگیوسن اور سکیگو پرسنا کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم سمیت پٹیل، راشد خان، ڈیوڈ ویزے، جو ڈینلی اور ٹام ابیل کی خدمات سے محروم ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2021 کو گزشتہ سیزن کی طرح مکمل کیا جائے گا، پی سی بی

دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز بھی اپنی ٹیم میں چار تبدیلیوں پر مجبور ہو گئی کیونکہ انہیں بقیہ میچز میں کولن انگرام، محمد نبی، ڈین کرسچن اور جو کلارک کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔

اس کے بدلے کراچی کنگز نے مارٹن گپٹل، نجیب اللہ زدران، تھسارا پریرا اور لٹن داس کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔

ملتان سلطانز کی ٹیم بھی کورونا وائرس اور کھلاڑیوں کی بین الاقوامی مصروفیات کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئی ہے اور انہیں کرس لِن، جیمز ونس، ایڈم لتھ اور کارلوس بریتھ ویٹ جیسے اہم کھلاڑیوں کی خدمات میسر نہیں ہوں گی۔

ان کھلاڑیوں کے بدلے سلطانز نے بنگلہ دیش کے محمود اللہ، رحمٰن اللہ گرباز، جیارج لنڈے اور اوبید میک کوئے کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ میں بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں جنہوں نے عثمان خواجہ اور جینمن ملان کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے جبکہ انہیں نیوزی لینڈ کے کولن انگرام بھی بقیہ میچز میں دستیاب ہوں البتہ انگرام ڈرافٹ سے پہلے ہی ان کی ٹیم میں شامل تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو ایلکس ہیلز، لوئس گریگری اور فل سالٹ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل سیزن 6: کہانی ایک پھٹے ہوئے بلبلے کی

پشاور زلمی نے مجیب الرحمٰن، لیام لیونگسٹن، ثاقب محمود اور ٹام کوہلر کیڈمور سے محروم ہونے کے بعد فیبیئن ایلن، روومین پاول اور فیڈل ایڈورڈز اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔

لیگ میں سب سے کم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم متاثر ہوئی ہے جنہیں ٹام بینٹن کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی لیکن انہوں نے اس کے بدلے سب سے بہترین انتخاب کرتے ہوئے آندرے رسل جیسے شاندار کھلاڑی کو اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جن کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، یہ اگلے سال پی ایس ایل میں اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے اور اسکواڈ میں تمام ٹیمیں صرف ان کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکیں گی جن کا انہوں نے پچھلے سال ایونٹ کے ڈرافٹ میں انتخاب کیا تھا۔

کورونا وائرس کے باعث منسوخ ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے بقیہ میچز رواں برس جون میں کھیلے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کی ناکامی کی وجہ سے پی ایس ایل ملتوی ہوئی، نجم سیٹھی

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ایونٹ کے میچز اس مرتبہ ملک کے دو شہروں کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے تھے تاہم 4 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو 7 کھلاڑیوں اور دیگر میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

کورونا وائرس کے باعث اس مرتبہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب بھی ریکارڈڈ پیش کی گئی تھی جبکہ تماشائیوں کی اجازت بھی ابتدا میں 20 فیصد تک تھی جسے بعد ازاں حالات کو دیکھتے ہوئے 50 فیصد تک کردیا گیا تھا۔

ایونٹ میں اب تک دفاعی چمپیئن کراچی کنگز بہترین رن ریٹ کی بنیاد پر 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جکہ 6،6 پوائنٹس کے ساتھ دیگر ٹیمیں پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

پی ایس ایل 2021 میں اب تک ناقص کارکردگی ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی رہی جنہوں نے صرف ایک، ایک کامیابی کے ساتھ صرف دو پوائنٹس حاصل کیے، رن ریٹ کی بنیاد پر ملتان سلطانز پانچویں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سب سے آخری نمبر پر موجود ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6: دو ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑی کورونا وائرس سے متاثر

اگر 20 فروری سے 3 مارچ تک کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے میچز کی بات کریں تو 14 میچز کھیلے جاچکے تھے جس میں کراچی کنگز کی ٹیمز 5 میچز میں سے 3 میں کامیابی حاصل کرکے بہتر رن ریٹ کی وجہ سے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست تھی۔

ایونٹ کے دوبارہ آغاز پر کھلاڑی اور دیگر عملہ، 22 مئی سے ایک ہی ہوٹل میں 7 روز تک قرنطینہ کریں گے جس کے بعد 3 روزہ ٹریننگ سیشن کا آغاز ہوگا اور اس کے بعد پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کا آغاز یکم جون سے ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل سیزن 6 کا فائنل 20 جون کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کے تمام 20 میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے، نائٹ میچز کا آغاز رات 8 بجے جبکہ ڈبل ہیڈر والے دن پہلا میچ شام 5 بجے اور دوسرا رات 10 بجے شروع ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2021 کی روایت ٹوٹ گئی، گلیڈی ایٹرز کی بالآخر سلطانز کو شکست

پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز کا شیڈول کچھ یوں ہے:

  • یکم جون: لاہور قلندرز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ (نائٹ)
  • 2 جون: ملتان سلطانز بمقابلہ کراچی کنگز (نائٹ)
  • 3 جون: اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز (نائٹ)
  • 4 جون: پشاور زلمی بمقابلہ لاہور قلندرز (نائٹ)
  • 5 جون: اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کراچی کنگز (ڈے) اور ملتان سلطانز بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز (نائٹ)
  • 6 جون: پشاور زلمی بمقابلہ کراچی کنگز (نائٹ)
  • 7 جون: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ لاہور قلندرز (نائٹ)
  • 8 جون: ملتان سلطانز بمقابلہ پشاور زلمی (نائٹ)
  • 9 جون: اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز (نائٹ)
  • 10 جون: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ کراچی کنگز (نائٹ)
  • 11 جون: ملتان سلطانز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ (نائٹ)
  • 12 جون: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ پشاور زلمی (ڈے) اور کراچی کنگز بمقابلہ لاہور قلندرز (نائٹ)
  • 13 جون: اسلام آباد یونائٹڈ بمقابلہ پشاور زلمی (نائٹ)
  • 14 جون: ملتان سلطانز بمقابلہ لاہور قلندرز (نائٹ)
  • 16 جون: کوالیفائر(1 بمقابلہ 2) (نائٹ)
  • 17 جون: ایلیمینیٹر1(3 بمقابلہ4) (نائٹ)
  • 18 جون: ایلیمینیٹر ٹو (کوالیفائر ہارنے والی ٹیم بمقابلہ ایلیمینٹر ون کی فاتح ٹیم) (نائٹ)
  • 20 جون: فائنل (نائٹ)

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں