پاکستان نے 104 بھارتی ہندو یاتریوں کو ویزے جاری کردیے

10 دسمبر 2023
بھارتی ہندو یاتریوں کو ویزے جاری کرنے کا اعلان نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
بھارتی ہندو یاتریوں کو ویزے جاری کرنے کا اعلان نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ اس نے شادانی دربار میں شیو اوتاری ستگورو سنت شادارام صاحب کے 315ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کرنے کے خواہاں 104 بھارتی ہندو یاتریوں کو ویزے جاری کردیے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ہندو یاتریوں کو ویزے جاری کرنے کا یہ اعلان ہائی کمیشن نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ پر کیا۔

سندھ میں ہندو برادری کے لیے ایک اہم روحانی مقام شادانی دربار حیات پتافی میں 12 سے 23 دسمبر تک شیو اوتاری ستگورو سنت شادارام صاحب کے جنم دن کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، پورے خطے سے بڑی تعداد میں عقیدت مندوں کی آمد متوقع ہے۔

1974 کے مذہبی زیارتوں کے دورے پر ہونے والے پاک-بھارت معاہدے کے تحت ویزوں کا اجرا پاکستان کی مذہبی سیاحت اور ثقافتی تبادلوں کو آسان بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

اس اقدام کے تحت ہر سال بھارت سے ہزاروں سکھ اور ہندو یاتری مختلف تقریبات میں شرکت کرنے پاکستان آتے ہیں۔

ہائی کمیشن نے کہا کہ چارج ڈی افیئرز اعزاز خان نے یاتریوں کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے محفوظ سفر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

گزشتہ ماہ سکھ یاتریوں کی ایک بڑی تعداد گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں بابا گرو نانک کے 544ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں