عمان میں طوفانی بارشیں، 10 طلبہ سمیت 14 افراد جاں بحق

16 اپريل 2024
— فوٹو: العربیہ
— فوٹو: العربیہ
— فوٹو: اے پی پی
— فوٹو: اے پی پی

خلیجی ریاست عمان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورتحال کے سبب کم از کم 14 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں سے اکثر اسکول کے بچے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق خلیجی سلطنت کی سرکاری نیوز ایجنسی نے ابتدائی طور پر رپورٹ کیا تھا کہ پانی میں گاڑی بہہ جانے کے بعد 9 اسکول کے بچے اور 3 دیگر افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

مزید بتایا کہ ملک کے شمال مشرق میں سیلاب کے نتیجے میں دیگر 5 افراد لاپتا ہو گئے تھے، عمان نیوز ایجنسی نے پیر کو رپورٹ کیا کہ مزید ایک خاتون اور بچے کی لاش برآمد کی گئی ہے۔

طوفان، موسلا دھار بارش اور اتوار کو شروع ہونے والی تیز ہواؤں کے بعد عمان کے شمال اور مشرق میں کئی علاقوں میں سیلاب آ گیا۔

سلطنت کی وزرا کونسل نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ طلبہ کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، جو حال ہی میں گورنریٹ الشرقیہ میں انتقال کر گئے تھے۔

سیلاب کے نتیجے میں پانچ سڑکیں بھی بند ہو گئی تھیں جبکہ وزارت تعلیم نے سیلاب کی وجہ سے بیشتر علاقوں میں اسکول بند کر دیے تھے۔

عمان ایئر فورس کے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے آپریشن میں پھنسے ہوئے درجنوں افراد کو ریسکیو کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں